اسلام آباد(طارق محمود سمیر) الیکشن کمیشن نے سال2024کے پہلے ماہ میں انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے تمام قیاس آرائیوں اور ابہام کی نفی کر دی ہے ،الیکشن 28جنوری بروز اتوارکو کرائے جائینگے ،اس اعلان سے یہ بھی واضح ہوا کہ صدر مملکت انتخابات کی تاریخ آئینی طور پر نہیں دے سکتے ،شاید یہی وجہ ہے کہ صدر مملکت نے اپنے خط میں حتمی تاریخ دینے کے بجائے مشاورت کی تجویز دی تھی ،الیکشن کمیشن نے آئینی تقاضے بھی پورے کرنے ہیں اور حلقہ بندیوں کا کام بھی مکمل کرنا ہے تاہم جنوری کا شمار موسم کے لحاظ سے سرد ترین مہینے میںکیا جاتا ہے جہاں ایک طرف ابھی گرمیوں میں بجلی کے بل بجلی صارفین پر آسمانی بجلی کی صورت میںگر رہے ہیں ،سرد ترین موسم میں گیس کی عدم فراہمی اور بھاری بھرکم بلنگ بالخصوص ان امیدواروںکے لئے آزمائش ثابت ہوگی جو پی ڈی ایم حکومت کا حصہ رہے ،کیونکہ ابھی سے ہی گیس کی قیمتوں میں50فیصد تک اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ساتھ ہی گرمیوں میں اگر شہریوںکو سردشام ہی گیس میسر نہ ہوئی تو سردیوں میں حالات زیادہ خراب ہونگے اور ووٹرز کے غم و غصے کا سامنا ماضی کے حکومتی عہدوں پر رہنے والے امیدوارو ںکوکرنا پڑے گا ،البتہ الیکشن کمیشن نے جو اعلان کیا ہے اس نے سیاست میں وقتی بھونچال کو تھام لیا ہے، ماضی میں پی ڈی ایم حکومت کا اہم حصہ رہنے والی پیپلز پارٹی کی جانب سے فوری انتخابات کروانے کے مطالبات تسلسل کے ساتھ آ رہے تھے اب ساری سیاسی قیادت اگلے چار ماہ کو انتخابی مہم کے طور پر دیکھے گی اور اس انتخابی گہماگہمی میں تندو تیز الزامات کا نہ تھمنے والا سلسلہ بھی شروع ہو سکتا ہے ۔روزنامہ ممتاز انہی سطور میں پہلے ہی اپنے قارئین کو بتا چکا تھا کہ انتخابات2023 میںکسی صورت نہیں ہوںگے جوکہ اب سچ ثابت ہوا ہے ۔ماضی کا جائزہ لیا جائے تو 1997کے انتخابات بھی تین فروری کو ہوئے تھے ،سرد موسم کے باعث خیبر پختونخوا ،بلوچستان ، پنجاب کے بعض علاقوں میں انتخابی مہم چلانا خاصا شکل ہوتا ہے،اسی طرح1988کے عام انتخابات16نومبرکو ہوئے تھے جس میں پیپلز پارٹی نے اکثریت حاصل کی تھی ،1990میں عام انتخابات اکتوبر 24کو ہوئے تھے جس میں آئی جے آئی نے واضح اکثریت حاصل کی تھی۔ 1993میں عام انتخابات 6اکتوبرکو ہوئے تھے جن میں پیپلز پارٹی کامیاب قرار پائی تھی ،2002کے انتخابات 10اکتوبر کو ہوئے تھے جس میں مسلم لیگ (ق) نے کامیابی حاصل کی تھی ۔2008کے انتخابات18فروری کو ہوئے جس میں پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی ،اسی طرح2013کے انتخابات13مئی کو جبکہ 2018کے انتخابات 25جولائی کوکرائے گئے تھے ۔
عام انتخابات 28 جنوری کوکرانے کا فیصلہ ، ابہام ختم ، تجزیاتی رپورٹ








