اسلام آباد(طارق محمود سمیر) عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 10ڈالر فی بیرل نمایاں کمی اور پاکستانی روپے کے مستحکم ہونے کے بعد یکم اکتوبر سے پٹرولیم قیمتوں میں 12روپے فی لیٹر کمی کی تجویز اوگرا نے تیار کرنا شروع کردی ہے۔اعلان کی صورت میں نگران دور میں یہ پہلا ریلیف ہوگا۔دوسری جانب سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 3روپے 28 پیسے فی یونٹ جبکہ گیس کی قیمتوں میں 50 فیصد اضافے کے فیصلے سے عوام کو مزید مشکلات میں ڈالا جا رہا ہے ، جب سے نگران حکومت قائم ہوئی ہے پٹرول کی قیمتوں میں 58روپے سے زائد فی لیٹر اضافہ کیا جا چکا ہے اور ڈیزل کی قیمتوں میں 54روپے اضافہ ہوا جس سے مہنگائی کی شرح بہت بڑھ چکی ہے اور اعداد وشمار کے مطابق 38 فیصد تک مہنگائی پہنچ گئی ہے جبکہ حکومتی وزراء کا یہ دعویٰ حقائق کے منافی ہے کہ مہنگائی 27 فیصد ہے ، 16ستمبر کو پٹرول کی قیمت میں اچانک 26روپے کا بڑا اضافہ حالیہ دس دنوں میں مہنگائی کی سب سے بڑی وجہ بنا ، ٹرانسپورٹ سے لیکرکھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں دس سے 15فیصد مزید اضافہ ریکارڈ ہوا ہے ، اب یہ خبریں آرہی ہیںکہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10ڈالر فی بیرل کمی ہورہی ہے جبکہ ڈالر کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف کارروائیوں کے نیجے میں ڈالر 292تک آگیا ہے حالانکہ چند دن قبل یہ ڈالر 336تک پہنچ گیا تھا ، عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات اور ڈالرکی قیمت میںکمی کا عوام کو براہ راست فائدہ پہنچنا چاہیے اور عوام یہ توقع کر رہی ہے کہ حکومت پٹرول کی قیمت میں 20روپے فی لیٹر فی لیٹرکا ریلیف دے سکتی ہے ، دیکھتے ہیں اس ضمن میں وزارت خزانہ کیا حتمی اقدامات کرتی ہے ،دوسری جانب گیس کی قیمت میں 50فیصد اضافے کی تیاریاںکی جا رہی ہیں اور یکم اکتوبر سے پہلے اس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا اور اس نوٹیفکیشن میں یکم جولائی سے اضافے کا اطلاق کیا جائے گا اور عوام سے بقایا جات کی مد میں اربوں روپے وصول کئے جائیں گے حالانکہ جن بڑی صنعتوں کوگیس کی قیمتوں میں سبسڈی دی جاتی ہے اسے ختم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سبسڈی کا عام آدمی کوکوئی فائدہ نہیں ہورہا ہے صرف سیٹھ فائدہ اٹھا رہے ہیں، اسی طرح بجلی کے بلوںمیںکوئی کمی نہیں آئے گی ، آئی ایم ایف سے معاہدے کے باعث حکومت نے ہاتھ کھڑے کردیے ہیں اور اب نیپرا نے سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی کی قیمت میں 3روپے 28پیسے اضافے کی منظوری دی ہے ، اس وقت بجلی 50روپے فی یونٹ سے بڑھ چکی ہے اور گزشتہ ماہ اضافی بل آنے پر عوام نے شدید احتجاج کیا تھا ، نگران وزیراعظم نے وعدہ کرنے کے باوجود کوئی ریلیف نہیں دیا اور جواز یہ بتایا گیا کہ ریلیف دینے کی صورت میں آئی ایم ایف سے معاہدے پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں ، معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے اور اگر میثاق جمہوریت ہوسکتا ہے تو میثاق معیشت بھی ہونا چاہیے اورکسی بھی سیاسی جماعت کو معیشت پر سیاست نہیںکرنی چاہیے ،ایسی جامع پالیسیاں بنائی جائیں جن میں حکومتوںکی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے اور یہ پالیسییاں کم ازکم 20سال کیلئے ہوں تاکہ ملکی معیشت صحیح راستے پر چل سکے ، عالمی اداروں نے بھی کچھ تجاویز دی ہیں جن پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے حوالے سے مثبت باتیں سامنے آرہی ہیں لیکن مستقبل آئی پی پیز طرز کے معاہدوں سے گریزکیا جائے کیونکہ پیپلزپارٹی ، ن لیگ اور دیگر جماعتوں کے دور میں آئی پی پیز کے جو معاہدے ہوئے ان کے نتیجے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ تو ختم ہوئی لیکن سرکلر ڈیٹ کی مد میں قومی خزانے پر بوجھ پڑا ہے اس کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں کنٹرول میں نہیں آرہیں ، پاکستان میں بجلی کی ضروریات گرمی کے موسم میں 22سے 24ہزار میگاواٹ ہیں اور آئی پی پیزکو 41 ہزار میگاواٹ بجلی کی ادائیگی کی جاتی ہے جو اضافی بوجھ ہے ، سردی کے موسم میں بجلی کی طلب 14ہزار میگاواٹ ہوتی ہے اور جو کمپنیاں بجلی نہیں بناتیں ان کو بھی مکمل ادائیگی ہوتی ہے ، اس سارے سلسلے کو روکنے کی ضرورت ہے اور نئی حکومت پارلیمنٹ سے اس معاملے پر ضروری قانون سازی کرے اور ان کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کیلئے مذاکرات شروع کئے جانے چاہئیں ۔
تجزیہ
پٹرولیم قیمتوں میں کمی نگران دورمیں پہلا ریلیف ہوگا








