اسلام آباد: کامسیٹس یونیورسٹی کے پنشن اکاؤنٹ میں پانچ ارب روپے کا خسارہ آنے کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن ختم کر دی گئی، پنشن کی فراہمی کے لئے 5 اکتوبر کو صدر مملکت کی زیر صدارت یونیورسٹی انتظامیہ کا اجلاس ہوگا۔
اسلام آباد میں سینیٹر شفیق ترین کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا، جس میں کامسیٹس یونیورسٹی کے پنشن اکاؤنٹ میں 5 ارب روپے کے خسارے کا معاملہ زیر بحث لایا گیا۔
قائمقام ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی نے کمیٹی کو بتایا کہ 2032 کے بعد موجودہ ملازمین بڑے پیمانے پرریٹائرڈ ہوجائیں گے، 2032 میں پنشن فنڈ کی مد میں 6.5 ارب روپے کی ضرورت ہوگی، جبکہ 9 سال بعد یونیورسٹی فنڈ میں پنشن کی مد میں 1.5 ارب خرچ ہوں گے۔
یاد رہے کہ کامسیٹس یونیورسٹی میں 2250 ملازمین پنشن پر ہیں، اس وقت یونیورسٹی کے 121 پنشنرز ہیں، کامسیٹس یونیورسٹی نے ملازمین کی پنشن ختم کردی ہے۔
ملازمین کی پنشن بحالی کے لئے یونیورسٹی کی سینیٹ کا اجلاس 5 اکتوبر کو صدر مملکت کی زیر صدارت ہوگا، جس میں حکومت پاکستان سے درخواست کی جائے گی کہ پنشن کیلئے 5 ارب روپے کی رقم دیں۔
پنشن شروع کرتے وقت بورڈ آف گورنرز نے اسسمنٹ نہیں کی، چیئرمین کمیٹی نے اجلاس میں کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی قائمہ کمیٹی کی ہدایات پر عمل نہیں کررہی۔
کمیٹی نے ڈاکٹر اشفاق کھوسہ اور دیگر ملازمین کے ساتھ ناانصافی دور کرنے کا کہا تھا، کمیٹی نے یونیورسٹی کے فنانشل آڈٹ اور ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے سب کمیٹی قائم کردی، سینیٹر کامران مرتضیٰ اور سینیٹر ہمایوں مہمند کمیٹی میں شامل ہوں گے۔








