نانجنگ (ممتازنیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ٹی وی فیسٹول کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اور چین سی پیک کی دسویں سالگرہ منا رہے ہیں۔سات دہائیوں پر پاک چین دوستی کا شاندار سفر انفرادی حیثیت رکھتا ہے۔دونوں ممالک ایک دوسرے کے لئے آہنی برادر کا درجہ رکھتے ہیں۔پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی روابط صدیوں پرانے ہیں۔چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے فریم ورک سے یہ روابط مزید مستحکم ہوئے ہیں۔سی پیک دونوں ممالک کے مابین تاریخی معاشی تعاون کی شکل اختیار کئے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان نے 2023ءکو دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی تبادلوں کا سال قرار دیا ہے۔اس کا مقصد عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عوام کے باہمی فائدے کیلئے متحرک سیاحت اور ثقافتی ماحولیاتی نظام تشکیل دینا ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) خطے کے رکن ممالک کے لئے سماجی، اقتصادی، مواصلات، میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں جامع اور پائیدار تعاون کے فروغ کے لئے مفید اور امید افزا پلیٹ فارم ہے۔ریڈیو، ٹیلی ویژن اور دیگر آڈیو وژیول مصنوعات کے شعبوں میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان کے درمیان تعاون تنظیم کی کامیابی کا مظہر ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن کی حیثیت سے پاکستان میڈیا تعاون کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔مرکزی میڈیا اور سوشل میڈیا میں تعاون عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لئے انتہائی اہم ہے۔ثقافتی وابستگی کو فروغ دینے کیلئے ایس سی او رکن ممالک کی میڈیا تنظیموں کو مشترکہ اشاعت اور دستاویزی فلموں سمیت مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی میڈیا تنظیموں کو پاکستان کے ساتھ مشترکہ پروڈکشن اور دیگر منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت دی۔انہوںنے مزید کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک ایک دوسرے کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہو سکتے ہیں۔مشترکہ پروڈکشنز ہمارے ممالک کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گی۔
پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی روابط صدیوں پرانے ہیں، مرتضیٰ سولنگی








