اسلام آباد(طارق محمود سمیر) تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان بالآخر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری ہو گئے ہیں اور وہ اڈیالہ جیل میں اسی سیل میں قید رہیں گے جس میں مسلم لیگ(ن)کے قائد میاں نوازشریف ، سابق وزیراعظم شہبازشریف ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت اہم سیاسی رہنما قید رہ چکے ہیں ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے اس ضمن میں حکم جاری کیا اورعمران خان کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں دی گئی سزا کا سٹیٹس تبدیل ہو چکا ہے اور اسلام آباد کے تمام انڈر ٹرائل قیدی اڈیالہ جیل میں ہیں اور عمران خان کو فوری طور پر اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے۔ عدالتی احکامات کے بعد عمران خان کے وکلاء شیر افضل خان مروت اور نعیم حیدر پنجوتھا نے اپنے بیان الگ الگ بیانات میں دعویٰ کیا کہ عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے عمران خان کو اٹک جیل منتقل کر دیا گیا ہے ۔شیر افضل مروت کے مطابق عمران خان کو جس سیل میں منتقل کیا گیا ہے وہاں اٹیچ باتھ روم بھی موجود ہے اور انہیں سابق وزیراعظم کے برابر سہولتیں دی گئیں ہیں۔ عمران خان کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کے معاملے پر ابھی تک صورتحال واضح نہیں ہوئی، پنجاب حکومت اور اٹک پولیس کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق نہیںکی کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جا چکا ہے ۔ اٹک جیل کے حکام کا یہ موقف ہے کہ ابھی تک عدالت کا تحریری حکم نامہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو موصول نہیں ہوا جوں ہی عدالتی حکم تحریری طورپر ملے گا تو اس پر عمل ہوگا۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کی ایک بڑی طویل تاریخ ہے اس میں اہم سیاسی رہنما ہمیشہ قید رہے ہیں، ذوالفقار علی بھٹوکو بھی راولپنڈی کی تاریخی جیل میں قید رکھا گیا اور فوجی آمر جنرل ضیاء الحق کے دور میں انہیں راولپنڈی جیل میں ہی پھانسی کی سزا دی گئی ، بعد ازاں اس جیل پر ایک پارک بنا دیا گیا اور جیل کو اڈیالہ منتقل کر دیا گیا ۔اڈیالہ جیل میں میاں محمد نوازشریف ، شہبازشریف ، شاہد خاقان عباسی ، سردار مہتاب احمد خان ، حاجی نوازکھوکھر مرحوم ، چوہدری شجاعت حسین ، چوہدری پرویز الہٰی سمیت اہم سیاسی رہنما مختلف ادوار میں قید رہے ہیں۔ 13جولائی 2018کو جب میاں نوازشریف کو پاناما کیس میں سزا ہونے کے بعد لندن سے واپسی پر لاہور ایئرپورٹ پرگرفتار کیا گیا تھا تو انہیں اڈیالہ جیل لایا گیا اور مریم نوازکو بھی یہیں رکھا گیا، پہلی رات میاں نوازشریف کو ننگے فرش پر سلایا گیا ، بستر کی سہولت نہیں دی گئی ۔ بعد ازاں جب شور مچا تومیاں نوازشریف کو بسترکی سہولت کے ساتھ ایک میز اورکرسی دی گئی اور انہیں پڑھنے کے لئے اخبارات بھی دیئے گئے ، اب یہی سہولتیں عمران خان کو بھی دی جائیںگی۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی طرف سے سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس ریٹائرڈ طارق مسعودکو ٹیلی فون کال کرنے اور اپنے ایک ساتھی جج کیخلاف ریفرنس میں نرم رویہ اختیار کرنے کی درخواست کی گئی جس پر جسٹس طارق مسعود بہت ناراض ہوئے اور انہوں نے 6ستمبر کو سابق چیف جسٹس کو خط لکھا اورکہا کہ میرے خلاف اگر کوئی ریفرنس آیا ہے تو آپ کے پاس یہ قانونی اختیار ہے کہ آپ اسے جوڈیشل کونسل میں لے جائیں اور مجھ سے بات کرکے ایسی بات نہ کریں ۔ جسٹس عطاء بندیال جنہوں نے اپنے دور میں چیف جسٹس کے دفترکی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ، اپنے طرز عمل سے ججز میں تقسیم پیدا کی اور سینئر ججزکو مسلسل نظر اندازکیا ۔قانون پر عمل کرنے کے بجائے ایک مخصوص سیاسی جماعت کے رہنما کو ریلیف دلانے میں اپنی توانائیاں صرف کیں جس کی وجہ سے وہ متنازعہ چیف جسٹس بن گئے اور ریٹائر منٹ پر واحد چیف جسٹس ہیں جنہیں فل کورٹ ریفرنس بھی نہیں دیا گیا۔ جسٹس طارق مسعود نے دو دن قبل سابق چیف جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن کے خلاف ایک شہری کی طرف سے دائر ریفرنس کو غیر ضروری قرار دیکر مزیدکارروائی کرنے سے روک دیا جس سے واضح ہوتا ہے کہ جسٹس سردار طارق مسعود نے سابق چیف جسٹس سے اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قانون پر عمل کیا حالانکہ سابق چیف جسٹس کا رویہ ہمیشہ غلط رہا اور انہوں نے طارق مسعود کو اہم بینچز میں شامل نہیںکیا ۔
تجزیہ
اڈیالہ جیل میں سیاسی رہنمائوں والاسیل عمران کامنتظر








