ورلڈ کپ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی لڑکھڑاتی کارکردگی ہرجگہ زیرِ بحث ہے، اس میچ کے دوران سامنے آنے والی ایک ویڈیو نے بھی مداحوں میں کافی سوالات کو جنم دیا ہے۔
ویڈیو میں گرین شرٹس کے آل راؤنڈرافتخاراحمد کو کسی سے بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
لیکن جو بات اچنبھے کا باعث بنی وہ شائقین کی اس فریم میں کسی کو بھی تلاش کرنے میں ناکامی ہے کیونکہ افتخار احمد کے سامنے کوئی نہیں جس سے وہ بات کررہے ہوں۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پرتیزی سے وائرل ہوئی اور کرکٹ شائقین معمہ حل کرنے کی کوشش میں جُت گئے۔
Can anyone decode why Iftikhar talking to himself?? pic.twitter.com/s403tYWTh0
— 24 (@Chilled_Yogi) October 24, 2023
کسی نے امکان ظاہر کیا کہ افتخار اپنے تصوراتی دوست سے بات کررہے ہیں تو کسی کو لگا کہ ان کے پاس کوئی ٹیلی کمیونیکیشن ڈیوائس ہے۔

بہت سے مداحوں نے ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پرشیئر کرتے ہوئے سوال اُٹھایا کہ، ’کیا کوئی بتا سکتا ہے کہ افتخار کس سے بات کر رہے ہیں‘ تاہم اس معمے کو حل کرنے کے لیے کوئی ٹھوس بنیاد موجود نہیں۔
افغانستان کے ہاتھوں مایوس کن شکست کے بعد افتخار احمد نے اعتراف کیا تھا کہ ورلڈ کپ میں اب تک پاکستان کے اسپنرزانتہائی غیرمؤثررہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں فنگر اسپنرز موجود ہیں جن میں، میں اور محمد نواز بھی شامل ہیں۔ ہمارے اسپنرز کا کردار یہاں اتنا موثر نہیں رہا ہے۔ لیکن ہم بہتری لانے کی کوشش کرتے رہیں گے۔
افتی چاچا کا مزید کہنا تھا کہ ’سچ کہوں تو یہ 300 سے زیادہ رنزکی وکٹ تھی۔ لیکن افغانستان کے بالرزنےہمیں پریشان کیا۔ بیٹنگ یونٹ کی حیثیت سے ہمیں بہتری لانے کی ضرورت ہے‘۔
ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی فیلڈنگ نے بھی انہیں پیچھے چھوڑدیا ہے۔
افتخار احمد کا یہ بھی ماننا ہے کہ ہم نے اپنی فیلڈنگ کے دوران بہت سی غلطیاں کیں، میں تسلیم کرتا ہوں کہ ہمیں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ ابھی ہمارے پاس یہی واحد آپشن ہے۔ اگر آپ عالمی معیار کی ٹیم کے خلاف کھیل رہے ہیں تو آپ کو تمام شعبوں میں یکساں سطح پر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم 5 میچ کھیل کر مسلسل 3 میچزمیں شکست سے دوچار ہوچکی ہے، سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے گرین شرٹس کو اپنے بقیہ میچز جیتنے ہوں گے، اس کے باجود بھی انہیں اگرمگر کے چکر کا سامنا کرنا پڑے گا۔









