قومی کرکٹر صائم ایوب کا کہنا ہے کہ میرا مائنڈ سیٹ مارڈرن ڈے کرکٹ کھیلنا ہے اور میں خود کو اسی کے لیے تیار کر رہا ہوں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے 21 سالہ صائم ایوب نے کہا کہ قومی ٹیم میں جب بھی موقع ملا اسی مائنڈ سیٹ سے کھیلنا ہے، مجھے اندازہ ہے کہ سب کا فوکس مارڈرن ڈے کرکٹ پر ہے اور آج کل ہو بھی مارڈرن ڈے کرکٹ رہی ہے۔
صائم ایوب نے کہا کہ تیز رفتاری سے رنز بنانے کی کوشش ہو رہی ہے، مجھے ابھی کیونکہ اس لیول پر اتنا موقع نہیں ملا جہاں مارڈرن ڈے کرکٹ فوکس ہے اس لیے میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں اس کے لیے تیار ہوں لیکن میں تیاری اسی لحاظ سے کر رہا ہوں۔
قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں فیصل آباد کے خلاف کراچی وائٹس کو کامیابی دلانے میں صائم ایوب کا بڑا ہاتھ ہے۔ وہ پہلے بیٹر ہیں جنہوں نے فائنل میں ڈبل سنچری اور سنچری اسکور کی ہے اور وہ اسی وجہ سے پلئیر آف دی فائنل قرار پائے۔
صائم ایوب نے حال ہی میں ہونے والی کیریبیئن پریمیئر لیگ میں بھی دھواں دھار بیٹنگ سے اپنی دھاک بٹھائی تھی۔ وہ سی پی ایل کھیلتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ میں آئے۔
صائم ایوب کا کہنا ہے کہ وائٹ بال کرکٹ سے جب ریڈ بال میں آیا تو یہی پلان تھا کہ مجھے اچھا کرنا ہے، کراچی وائٹس کو جتوانے کا ٹارگٹ تھا، خوشی ہے کہ میں نے اس میں اپنا حصہ ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم ٹرافی کے دوران بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، ڈریسنگ روم میں ٹیسٹ کرکٹرز تھے اور ماحول بہت اچھا تھا اس لیے مجھے بہت فائدہ ہوا ہے۔









