اسلام آباد(نیوزڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کارکنوں کی گرفتاریوں کے باوجود کل کے غزہ مارچ کی بھرپور تیاری ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ غزہ مارچ کےلیے انتظامیہ سے بات کی، کل کے غزہ مارچ کےلیے ہماری بھرپور تیاری ہے، آج اچانک ہمارے کارکنوں کو گرفتار کرنا شروع کر دیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے کل اسرائیل کے خلاف احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم پُرامن لوگ ہیں مگر حکومت تشدد پر اتر آئی ہے، کل ہمارے مارچ میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک ہوں گی۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ اپنے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ نہیں کرتے مگر مارچ ہر صورت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں مواصلات کا نظام مکمل طور پر بند ہے، وہاں خوراک پہنچانے کا کوئی راستہ نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اقوام متحدہ (یو این) کے سیکریٹری جنرل کو فلسطین کے حق میں بیان دینے پر سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اجلاس کے بعد اسرائیل نے زمینی حملہ شروع کر دیا، اسرائیل کی جانب سے متعدد اسپتالوں کو نشانہ بنایا گیا۔
سراج الحق نے کہا کہ 20 دنوں سے غزہ جلتا رہا لیکن اقوام متحدہ نے اجلاس تک نہیں بلایا، 21 ویں دن اجلاس بلایا گیا لیکن کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے جماعت اسلامی کو امریکی سفارت خانے کے باہر غزہ مارچ کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے متعدد کارکنوں و رہنماؤں کو گرفتار کرلیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کل اتوار کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے سامنے غزہ مارچ کا اعلان کیا ہے۔ تاہم انتظامیہ نے ڈپلومیٹک انکلیو کے قریب مارچ کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
اسلام آباد پولیس اور ایف سی نے غزہ یک جہتی مارچ کی تیاریوں سے روکتے ہوئے ریڈ زون سے اسٹیج اور ساؤنڈ سسٹم سمیت دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے مزاحمت کی تو پولیس نے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا سمیت متعدد کارکنوں و رہنماؤں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا ہے کہ سری نگر ہائی وے بند کرنے پر کچھ افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ کسی سیاسی تنظیم کو اسلام آباد میں سڑک اور راستے بند کرنے کی اجازت نہیں ، دفعہ 144 کے نفاذ کے دوران اسلام آباد میں جلسے جلوس کی اجازت نہیں ہے۔
گرفتاریوں کے باوجود کل کے غزہ مارچ کی بھرپور تیاری ہے، سراج الحق








