اسلام آباد(ممتازنیوز )پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اورسابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ اپنے بھائی عزت مآب صدر رجب طیب اردون اور ترکیہ کے عوام کو جمہوریہ کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتے ہوئے بڑی خوشی محسوس کررہا ہوں۔ آج ہم مختلف شعبوں میں ترکیہ کی بھرپور کامیابیوں اور ترقی کی خوشیاں منارہے ہیں۔ ہم نے دیکھا کہ ان 100 برس کے دوران ترکیہ کے ہمارے بھائی بہنیں کئی آزمائشوں اور امتحانوں سے گزرے۔ بڑے بڑے بحران انہیں آگے بڑھنے سے روک نہیں سکے اور اُن کے پختہ عزم نے مشکلات کو مواقع میں بدل دیا۔
اتوار کوسماجی رابطوں کی سائٹ ٹوئٹر پرجاری پیغام میں شہباز شریف نے کہاکہ عالمی سطح پر شدید اضطرابی ماحول میں باالخصوص جمہوری وخوش حال ترکیہ خطے اور اسلامی دنیاکے استحکام کا اہم سبب ہے۔ مشترک تاریخ وعقیدے پر مبنی ہمارا بھائی چارہ واضح کرتا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ ایک قوم ہیں جو دو ریاستوں میں آباد ہیں۔
میں ان تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے بانی کمال اتا ترک سے لے کر صدر رجب طیب اردوان تک ترکیہ کی ترقی کے لئے اپنا ”خون، پسینہ اور اشک“ بہائے ہیں۔ آنے والے 100 سال پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بھائی چارے، دوستی اور شراکت داری کی عظیم مثال بنیں گے۔









