بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

الیکشن کے اعلان کے بعد شکوک و شبہات دور ہو جانے چاہئیں،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد:نگران وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہم سب کو خوش ہونا چاہئے،الیکشن کے اعلان کے بعد شکوک و شبہات دور ہو جانے چاہئیں۔
نجی ٹی وی کو انٹرویومیں مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ پہلے سے یقین تھا کہ انتخابات ہوں جائیں گے،یہ امر خوشی کا باعث ہے کہ ہم اس آئینی عمل کی جانب بڑھ رہے ہیں جس کے نتیجے میں عوام ایک سیاسی حکومت منتخب کریں گے، پاکستان کے آئین میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ نگران حکومت کا کام الیکشن کمیشن کو سہولت فراہم کرنا ہے، ہم اپنا فرض ایمانداری سے انجام دے رہے ہیں، صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ نگران حکومت آئین کے تحت قائم ہوئی ہے، اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کر سکتا ہے، شکایت کرنے کا حق نہیں چھینا جا سکتا، جمہوریت میں خاموشی نہیں ہوتی۔
انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کو برابر مواقع فراہم کرے گا، آئین اور قانون کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن مہم کے لئے 54 دن دیئے جائیں گے، مطمئن ہوں کہ تمام جماعتوں کو برابر مواقع میسر ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی وی پر اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج دی جا رہی ہے، ہمارے لئے پارلیمان سپریم ادارہ ہے، نیب کے حوالے سے ترمیم پارلیمنٹ نے کی تھی۔
انہوں نے کہاکہ نجکاری کی فہرست نگران حکومت نہیں لائی، نجکاری کا فیصلہ پچھلی حکومت کر کے گئی، پچھلی حکومت کے قانونی فیصلوں پر عمل درآمد کرنا ہماری ذمہ داری ہے،ڈالر، آٹا، کھاد، چینی کی سمگلنگ روکی، ہماری کوشش ہے کہ چیزوں کو مزید بہتر کریں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ آج کئی سالوں کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 53 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا ہے، ہمیں ملک جس حالت میں ملا تھا اس سے بہتر حالت میں منتخب نمائندوں کو دے کر جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کا لمز یونیورسٹی میں جانا اچھا اقدام تھا، وزیراعظم نوجوانوں سے بات کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔