کرکٹ کی دنیا میں بھارت کی ویرات کوہلی اور پاکستان کے بابر اعظم کے نام کا ڈنکا طویل عرصے سے بج رہا ہے۔
روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ان دونوں کی کپتانی میں جب جب میدان میں مدِمقابل آئی ہیں تو کروڑوں لوگوں کے دلوں کی دھڑکنیں تیز اور سانسیں تھم جاتی ہیں۔
لیکن کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ ان دونوں ملکوں کے کھلاڑی ایک ٹیم میں ساتھ کھیلتے نظر آئیں؟
کرکٹ شائقین کا پاک بھارت کھلاڑیوں کا ایک ہی ٹیم میں کھیلنے کا یہ خواب جلد پورا ہوسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ کے حلقوں میں مشہور کرکٹ ٹورنامنٹ ’افرو ایشیا کپ‘ کو ایک بار پھر سے شروع کرنے کی بات چیت چل پڑی ہے۔
‘افرو ایشیا کپ’ نامی یہ ٹورنامنٹ سال 2005 اور 2007 میں کھیلا گیا تھا جس میں 2 ٹیمیں( ایشیا الیون اور افریقا الیون) شامل تھیں۔
ایشیا الیون جس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا سمیت ایشین ٹیموں کے کرکٹرز شامل تھے اور افریقا الیون میں جنوبی افریقا، زمبابوے، کینیا اور پڑوسی ممالک کے کھلاڑی تھے۔
اس ٹورنامنٹ کے 2 کامیاب ایڈیشنز کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ جاری نہیں رہ سکا۔
2008 کے ممبئی حملوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے تعلقات کو بری طرح متاثر کیا اور یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک باہمی سیریز بھی نہیں کھیلتے۔
تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق رواں سال دسمبر میں جے شاہ کے آئی سی سی کے نئے چیئرمین بننے کے ساتھ اس افرو ایشیا کپ ٹورنامنٹ کو دوبارہ شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
آخری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ ون ڈے فارمیٹ کے تحت ہوا تھا تاہم اس مرتبہ یہ ٹورنامنٹ ٹی20 فارمیٹ پر مبنی ہو سکتا ہے۔
اگر یہ ٹورنامنٹ دوبارہ شروع ہوتا ہے تو شائقین کرکٹ کو پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی ایک ٹیم میں کھیلتے نظر آئیں گے اور پھر ممکنہ طور پر بابر اور کوہلی کو فینز ایک ٹیم میں کھیلتا دیکھ سکیں گے۔
یاد رہے کہ 2005 میں پہلے افرو ایشیا کپ کی ایشین الیون میں وریندر سہواگ، شاہد آفریدی، محمد یوسف، عبدالرزاق ،کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے، انضمام الحق اور نہرا سمیت کئی مشہور ایشین کرکٹرز شامل تھے۔









