بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز؛ آن لائن ٹکٹ آج سے فروخت ہوں گے

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے ٹکٹ آج شام پانچ بجے سے آن لائن فروخت ہوں گے۔ شائقین کے لیے پہلے دن جنرل انکلوژر میں داخلہ مفت ہوگا۔

ٹکٹوں کی خریداری کی سہولت کے لیے فزیکل ٹکٹ 4 اکتوبر سے صبح 9 بجے کے بعد مختلف آؤٹ لیٹس پر دستیاب ہوں گے۔ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے، جس کا پہلا اور دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 19 اکتوبر تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا ٹیسٹ 24 سے 28 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

شائقین کی بڑی تعداد کو مدعو کرنے کے لیے ملتان میں دونوں ٹیسٹ میچوں کے پہلے دن جنرل انکلوژرز (حنیف محمد اور مشتاق احمد) میں داخلہ مفت ہوگا۔ راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے دن بھی پریمیم انکلوژرز (میراں بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات) میں داخلہ مفت رہے گا۔

پہلے ٹیسٹ کے دوسرے سے چوتھے دن تک جنرل انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 50 روپے ہوگی، جبکہ پانچویں روز حنیف محمد اور مشتاق احمد انکلوژر کے ٹکٹ 100 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ فرسٹ کلاس انکلوژرز (وسیم اکرم اور الٰہی برادرز) کے ٹکٹ 100 روپے میں ہوں گے، جبکہ پانچویں دن 200 روپے میں خریدے جا سکتے ہیں۔

پریمیئم انکلوژرز (جاوید میانداد اور ظہیر عباس) کے ٹکٹ پہلے سے چوتھے روز تک 200 روپے میں ملیں گے، جبکہ پانچویں دن 300 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ وی آئی پی انکلوژرز (فضل محمود اور عمران خان) کے ٹکٹ 300 روپے میں اور پی سی بی گیلری (انضمام الحق) کے ٹکٹ 2 ہزار روپے میں ہوں گے۔ پانچویں دن وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ 400 روپے اور پی سی بی گیلری کے 2500 روپے میں ہوں گے، جس میں دوپہر کا کھانا بھی شامل ہوگا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے بدھ اور جمعرات (دوسرے اور تیسرے دن) کے جنرل انکلوژر کے ٹکٹ 50 روپے میں دستیاب ہوں گے، جبکہ چوتھے اور پانچویں دن 100 روپے میں ملیں گے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن بھی پریمیم انکلوژرز کا داخلہ مفت ہوگا، جبکہ دوسرے دن 200 روپے اور باقی دنوں کے لیے 300 روپے ہوں گے۔ وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ پہلے دو دنوں کے لیے 400 اور باقی دنوں کے لیے 500 روپے ہوں گے۔ پی سی بی گیلری میں پہلے دو دن 2000 روپے کے ٹکٹ دستیاب ہوں گے، جبکہ باقی دنوں کے لیے 2500 روپے ہوں گے۔