راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک)راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے، پہلی اننگز میں 77 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد قومی باؤلرز نے انگلینڈکے105 رنز پر8کھلاڑی آئوٹ ہوگئے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ کے تیسرے روز مہمان ٹیم نے 24 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔
انگلینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، زیک کرالے 2، بین ڈکٹ 12 اور اولی پوپ صرف ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ ہیری بروک نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن وہ بھی 26 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، کپتان بین اسٹوکس صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
قومی ٹیم کی جانب سے نعمان علی نے 4 اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز:
انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم نے جیمی اسمتھ کے 89 اور بین ڈکٹ کے 52 رنز کی بدولت 267 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 6، نعمان علی نے 3 اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی ۔
قومی ٹیم پہلی اننگز میں سعود شکیل کی 134، ساجد خان کے 48 اور نعمان علی کے 45 رنز کی بدولت 344 رنز پر آؤٹ ہوئی، یوں انہیں مہمان ٹیم پر 77 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
انگلینڈ کی جانب سے ریحان احمد 4، شعیب بشیر 3، گس ایٹکنسن 2 اور جیک لیچ ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان پلیئنگ الیون
شان مسعود (کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود۔
انگلینڈ پلیئنگ الیون
بین اسٹوکس(کپتان)، زیک کرالی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ، گس ایٹکنسن، ریحان احمد، جیک لیچ اور شعیب بشیر۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے، ابتدائی دونوں میچز ملتان میں کھیلے گئے تھے، پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دی تھی۔








