اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومتوں کے خلاف احتجاجی ریلیوں دھرنوں اور لانگ مارچ کے احتجاج کو اکثر رہنمائوں نے محض دھمکی کے طور پر استعمال کیا جس باعث وہ ناکام اور بے نتیجہ ثابت ہوئے۔70کی دہائی میں لانگ مارچ کی احتجاجی سیاست غیر منقسم پاکستان میں مولانا بھاشانی سے موسوم کی جاتی اسلام آباد کی تاریخ میں طویل ترین دھرنا پی ٹی آئی نے 2014میں دیا جو 126روز جاری رہا . پہلا بڑا دھرنا 1980میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے دیا اسلام آباد میں آخری اجتماع اور دھرنا جے یو آئی کا تھا سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سابق وزیراعظم کی اہلیہ احتجاجی ریلی اور دھرنے کی قیادت کر رہی ہیں فضل الرحمان نے ایک دن کا دھرنا سپریم کورٹ کے باہر بھی دیا جس میں دیگر راہنمائوں کے علاوہ مریم نواز نے بھی خطاب کیا تھا حکومت کے خلاف لانگ مارچ، دھرنے کے حوالے سے احتجاج کا سلسلہ جو نظر آتا ہے وہ 1980 میں جنرل ضیاء الحق کی حکومت میں زکٰوۃ و عشر آرڈیننس کے خلاف تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے کیا تھا ان کا موقف تھا کہ اس آرڈیننس میں شعیہ کمیونٹی کو نظرانداز کیا گیا ہے پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دیئے جانے والے اس دھر نے میں ہزاروں کی تعداد میں افراد شریک تھے یہ دھرنا چونکہ انتہائی پرامن تھا اس لئے انتظامیہ نے بھی نہ تو انہیں منتشر کرنے کیلئے طاقت کا استعمال کیا اور نہ ہی کنٹینر لگا کر سڑکیں بند کیں اور نہ آنسو گیس اور لاٹھی چارج ہوا اور صرف دو دن کے اندر ہی حکومت نے ان کے مطالبات کو تسلیم کر لیا اور پھر کم وبیش ایک دہائی تک اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنے کے مناظر دیکھنے میں نہیں آئے۔ 1992 میں جب وزیراعظم نواز شریف اور صدر غلام اسحاق خان کے درمیان اختلافات عروج پر گئے تو اس وقت محترمہ بے نظیر بھٹو نے اس صورتحال کو اپنے حق میں استعمال کرنے کیلئے موزوں جانا اور 1990 کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو بنیاد بناکر وزیراعظم نواز شریف کے خلاف لانگ مارچ شروع کیا۔ غلام اسحاق خان نے نواز شریف کی حکومت برطرف کردی لیکن سپریم کورٹ کی جانب سے بحال کئے جانے کے بعد بے نظیر بھٹو نے 1993 میں جولائی میں ایک بار پھر تحریک شروع کردی لیکن اس وقت اسلام آباد میں داخلے کو خاردار تاروں سے بند کردیا گیا تھا، پھر ستمبر 1996 میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی حکومت کو جماعت اسلامی کے ملین مارچ کا سامنا کرنا پڑا جنہیں آبپارہ چوک میں روکے جانے پر انہوں نے دو دن تک وہیں دھرنا دیا اور شدید معرکے کے بعد تیسرے روز مظاہرین کو ڈی چوک جانے کی اجازت دے دی گئی جس کے بعد غیر اعلانیہ یقین دہانیاں ملنے پر مظاہرین منتشر ہوگئے اور ایک ماہ بعد سردار فاروق خان لغاری جنہوں نے بے نظیر بھٹو کی سربراہی میں وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف احتجاجی مہم چلائی تھی جس کے اعتراف میں اپنے وفادار ساتھی فاروق لغاری کو بے نظیر بھٹو نے صدارت کے منصب پر فائز کردیا تھا انہوں نے جماعت اسلامی کے احتجاج کو عوامی ردعمل اور دیگر الزامات کی بنیاد پر برطرف کردیا اور محترمہ بے نظیر بھٹو نے وزیراعظم ہائوس سے رخصت ہونے سے پہلے اپنی پریس میں حضرت علی کا یہ قول دہرایا تھا ’’جس پر احسان کرو اس کے شر سے بچو‘‘ مارچ 2007 میں اس وقت کے طاقتور ترین صدر جنرل پرویز مشرف کی جانب سے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو ان کے منصب سے ہٹانے کے خلاف شدید ردعمل سامنے آیا اور وکلاء برادری نے عدلیہ بحالی کیلئے تاریخی تحریک چلائی، جون 2008 میں پہلا لانگ مارچ جو پارلیمنٹ ہائوس تک بہ آسانی پہنچ گیا لیکن مقصد یا کامیابی حاصل نہ ہوسکی تاہم 2009 میں میاں نواز شریف کی قیادت میں مارچ شروع ہوا اور راولپنڈی۔ اسلام آباد کنٹینروں کا شہر بنا دیا گیا لیکن یہ مارچ ابھی گوجرانوالہ تک ہی پہنچا تھا کہ 16 مارچ 2009 کو اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے چیف جسٹس افتخار احمد سمیت تمام معزول ججوں کو بحال کرنے کا حکم جاری کردیا اس طرح اس مارچ نے اپنے مقاصد حاصل کر لئے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے جنوری 2013 میں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں لاہور سے اسلام آباد تک مارچ کیا اور شدید سردی میں چار روز تک جاری رہنے والا یہ دھرنا حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کردیا گیا تاہم اگست 2014 میں ماڈل ٹائون لاہور میں ہونے والے سانحے کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری نے ایک مرتبہ پھر اسلام آباد کی طرف مارچ کیا تھا اور اسی مرحلے میں پاکستان تحریک انصاف نے بھی اسلام آباد میں احتجاج شروع کردیا۔ الگ الگ جلسوں کے بعد دونوں جماعتوں نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر جانے کا اعلان کیا اور تمام رکاوٹیں ہزاروں کی تعداد میں سکیورٹی اہلکاروں اور کنٹینرز کی دیواریں توڑتے ہوئے عمران خان اور طاہر القادری 20 اگست کو ریڈ زون میں داخل ہوگئے، جس کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کے باہر ریڈ زون میں پاکستان کی تاریخ کا طویل ترین دھرنا دیا گیا جو 18 دسمبر تک جاری رہا اور اس دوران کئی اہم واقعات بھی پیش آئے۔ سپریم کورٹ کی گرل پر کپڑے بھی دھو کر پھیلائے گئے تاہم 70 دن کے بعد طاہر القادری اور 126 دن بعد عمران خان بھی دھرنا ختم کرکے روانہ ہوگئے۔ نومبر 2017 میں وزیراعظم نواز شریف نے نااہلی کے بعد شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم بنوا دیا تھا ان کے دور میں انتخابی فارم میں تبدیلی کے خلاف اور توہین مذہب کا نعرہ لگا کہ تحریک لبیک جیسی ایک غیر معروف مذہبی جماعت نے فیض آباد پر دھرنا دیا یہ وہی دھرنا تھا جس میں مذاکرات کے دوران اس وقت کے وزیر داخلہ زاہد سرفراز نے استعفیٰ دے دیا تھا اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید نے بطور ضامن دستخط کئے جس کے ساتھ ہی خادم رضوی کا یہ دھرنا کامیابی حاصل کرکے ختم ہوا۔ 2022 میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے 27 فروری کو لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کیا اور کراچی سے اسلام آباد تک سفر کے دوران مختلف اضلاع میں جلسے کرتے ہوئے 8 مارچ کو اسلام آباد پہنچے اور ڈی چوک بڑے جلسے سے خطاب کے بعد مارچ کے خاتمے کا اعلان کیا، جس کے بعد پی ڈی ایم کی جانب سے 23 مارچ کو دی جانے والی مارچ کی کال واپس لے لی اور اس کی جگہ اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی اور عمران خان کو وزارت عظمیٰ سے ہاتھ دھونے پڑے۔
اسلام آباد میں سیاسی جماعتوں کے دھرنوں ریلیوں واحتجاج کی تاریخ








