بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اور ترکیہ میں میڈیا تعاون کے فروغ پر اتفاق

استنبول(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ اور ترکیہ کے صدارتی ہیڈ آف کمیونیکیشنز پروفیسر فحرتین التون کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں میڈیا کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے اور عوامی سفارت کاری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں اسلاموفوبیا اور مس انفارمیشن کے خاتمے، میڈیا وفود کے تبادلوں اور مشترکہ پروڈکشنز کی تیاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور ترکیہ کے سرکاری ٹی وی “ٹی آر ٹی” کے درمیان مشترکہ نشریات اور ترکی کے مشہور ڈرامے “ارطغرل غازی” جیسے مزید پروجیکٹس پاکستان میں دکھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے لیے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے اور فوکل پرسنز نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں اور میڈیا کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا تعاون سے عوامی روابط مزید مستحکم ہوں گے، جبکہ مشترکہ پروڈکشنز سے دونوں ممالک کی ثقافتوں کا تبادلہ ہوگا۔

ملاقات میں تفریح اور سیاحت کے شعبے میں تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر نے نوجوان نسل کو پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی تعلقات سے آگاہ کرنے پر زور دیا اور پروفیسر فحرتین التون کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

پروفیسر فحرتین التون نے پاکستانی میڈیا کی ترقی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ ترک ڈرامہ “ارطغرل غازی” نے پاکستان میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے پاکستانی فنکاروں اور موسیقاروں کے لیے ترکیہ میں پسندیدگی کا بھی ذکر کیا۔

ترک عہدیدار نے اسلاموفوبیا اور مس انفارمیشن کے خلاف مشترکہ کوششوں میں تعاون کو اہم قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے ترک میڈیا پر مسئلہ کشمیر کی کوریج پر شکریہ ادا کیا۔