بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

1971 اور آج کے حالات میں مماثلت، کردار مختلف مگر کھیل پرانا ہے: اکبر ایس بابر

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے 16 دسمبر کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ یہ دن سبق سیکھنے کا ہے، شہیدوں اور غازیوں کی قربانیوں کا تمسخر اڑانے کا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1971 کی اسٹیبلشمنٹ نے مغربی پاکستان کی مقبول جماعت (پیپلز پارٹی) کے ساتھ مل کر اقتدار کے لیے ایک گھناؤنا کھیل کھیلا جس کا نتیجہ تباہ کن نکلا۔ اسی طرح، گزشتہ دور کی اسٹیبلشمنٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مل کر اقتدار کا کھیل کھیلا، جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ 1971 کے حالات کے ذمہ دار دو سیاستدان اور ایک جنرل تھے، جبکہ آج کے حالات کے ذمہ دار دو جرنیل اور ایک سیاستدان ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کھیل پرانا ہے، صرف کردار بدلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شخصیات بدلنے کے بجائے نظام کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ تبدیلی اپنے گھر سے شروع ہونی چاہیے، نہ کہ دوسروں کے گھر سے۔ سیاسی جماعتوں کو ادارہ بنایا جائے اور انہیں شخصیات اور خاندانوں کی گرفت سے آزاد کرایا جائے۔ باصلاحیت اور ایماندار لوگوں کے لیے قیادت کے مواقع فراہم کیے جائیں ورنہ قوم یونہی تاریکی میں بھٹکتی رہے گی۔