بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خیبرپختونخوا سے متعلق کوئی نہ کوئی نکالنا پڑےگا، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آ صف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی باتیں سیدھی سیدھی پاکستان کے خلاف بغاوت ہے، مجھے لگتا ہے کہ ان کے ذہن میں علیحدگی کی تحریک جنم لے چکی ہے، خیبرپختونخوا سے متعلق کوئی نہ کوئی نکالنا پڑےگا، لیکن گورنر راج نہیں لگنا چاہیے۔
وی نیوزکے مطابق ایک ٹی وی انٹرویومیں خواجہ آصف  نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے علیحدگی کے لیے سوچ شروع کی ، ایک وزیراعلیٰ سستی شہرت کے لیے بیانات دے اور وہ سوچے کہ افغانستان ہماری پشت پر ہوگا تو پھر حل نکالنا ضروری ہوتا ہے، انہوں نے آج بھی جو بیان دیا اس میں 9 مئی کی آمیزش نظر آتی ہے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت سے بات چیت کرنے میں سنجیدہ ہے تو عمران خان کو خود مذاکرات کی بات کرنی چاہیے، پی ٹی آئی لیڈر شپ میں ہر کسی کا اپنا مؤقف ہے۔
ان کاکہناہےکہ پی ٹی آئی نے باضابطہ بات چیت کی کوئی آفر نہیں کی، حکومت کو بتایا جائے کہ ہم مذاکرات کرنا چاہتے ہیں پھر ہم کوئی جواب دینے کی پوزیشن میں ہوں گے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ ابھی تک تو پی ٹی آئی کی زبان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ڈی چوک میں 12 لوگ کس کی گولیوں سے جاں بحق ہوئے۔
ان کاکہناتھاکہ 26 نومبر کو تیسری بار ریاست پر حملہ کیا گیا، پی ٹی آئی اپنے 12 لوگوں کی ہلاکت کا دعویٰ کرتی ہے، لیکن رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر بات نہیں کی جاتی۔
خواجہ آصف نے کہاکہ رینجرز اہلکاروں پر گاڑی کس نے چڑھائی، ہمیں سب معلوم ہے، 26 نومبر کو پی ٹی آئی کارکنوں نے علی امین گنڈاپور کی گاڑی پر ڈنڈے مارے اور ہوائی فائرنگ کی، اب یہ دعویٰ بھی سامنے آرہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کی اپنی فائرنگ سے اموات ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں من حیث القوم اپنے رویے درست کرنا ہوں گے، پی ٹی آئی کو 9 مئی کے واقعات پر معافی مانگنا پڑےگی۔