اسلام آباد(طارق محمودسمیر)پنجاب اسمبلی میں ارکان کی تنخواہوں میں ہوشربا اضافے کا بل منظورکرلیاگیا جس پر سیاسی وعوامی حلقوں کی طرف سے شدید تنقیدکی جارہی ہے، اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہ 76 ہزار سے یکمشت بڑھا کر 4 لاکھ کر دی گئی، بل کی منظوری کے بعد اب صوبائی وزراء کی تنخواہ 1 لاکھ سے بڑھا کر 9 لاکھ 60 ہزار کر دی جائے گی، بل کی منظوری کے بعد اب سپیکر پنجاب اسمبلی کی تنخواہ 1 لاکھ 25 ہزار سے بڑھا کر 9 لاکھ 50 ہزار کر دی جائے گی، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی تنخواہ 1 لاکھ 20 ہزار سے بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار کردی گئی، پارلیمانی سیکرٹریز کی تنخواہ 83 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ 51 ہزار ہوئی ، اسی طرح بل کی منظوری کے بعد اب سپیشل اسسٹنٹ کی تنخواہ 1 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ 65 ہزار کر دی جائے گی، اب ایڈوائزر کی تنخواہ 1 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ 65 ہزار کر دی جائے گی،بل کی ابھی گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرنے منظوری دینی ہے چونکہ ایوان میں پیپلزپارٹی کے ارکان نے بھی بل کے حق میں ووٹ دیااس لیے گورنرکی طرف سے اس بل پراعتراض کئے جانے کا امکان نہیں،دلچسپ امریہ ہیکہ اس وقت وفاق میں رکن قومی اسمبلی کی تنخواہ ایک لاکھ 70ہزار، وزیرکی تنخوا دولاکھ 32ہزارجب کہ سینیٹر کی تنخواہ بھی ڈیڑھ لاکھ سے دولاکھ کے درمیان ہے،اسی طرح وزیراعظم کی تنخواہ کی ڈھائی لاکھ ہے تاہم صدرمملکت کی دس لاکھ ہیاورپنجاب اسمبلی کے سپیکرکی تنخوالگ بھگ صدرمملکت کی تنخواہ کے برابر کردی گئی،یہی وجہ ہیکہ پنجاب حکومت کے اس اقدام پر سوال اٹھایاجارہاہے کہ کیاپنجاب اسمبلی کے ارکان کی پرفارمنس اچھی ہے یاپھر پنجاب کے پاس سرپلس بجٹ آگیاہے جو ارکان کی تنخواہوںمیں یکمشت بڑا اضافہ کردیاگیا،یقیناًایک ایسے وقت میں جب ملکی معیشت مسائل کا شکارہے اور عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں کہ پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں بڑااضافہ ناقابل فہم اور نامناسب ہے،اس وقت ابترمعاشی صورتحال کے باعث وفاقی حکومت اخراجات کو کنٹرول کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور وزیراعظم اوروزراء تنخواہیں بھی نہیں لے رہے ہیں،اب اگرصوبے اخراجات کم کرنے کے بجائے بڑھائیں گے تو اس صورتحال میں وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی سے معیشت کوئی خاص فائدہ نہیں ہواضرورت تو اس امرکی ہے کہ صوبے اخراجات میں ممکنہ حد تک کمی لائیں، یہ امربھی قابل ذکرہے کہ معاشی مشکلات کی بنیادپررواں مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں ایک طرف مہنگائی کے تناسب سے بہت کم اضافہ کیاگیاتودوسری طرف ان پر اضافی ٹیکسزبھی لگادیئے گئے اور اس وقت تنخواہ دار طبقہ ریلیف کا سب سے زیادہ مستحق تھا ،پنجاب حکومت کی طرف سے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے سے نہ صرف عوام میں بے چینی بڑھے گی بلکہ اس کا حکمراں مسلم لیگ ن کو مستقبل میں سیاسی نقصان بھی ہوسکتاہے۔
پنجاب اسمبلی ارکان کی تنخواہوں میں اضافہ سوالیہ نشان








