اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے ضلع شانگلہ میں پولیس چوکی گنانگر پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے جام شہادت نوش کرنے والے اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اپنے تعزیتی پیغام میں وفاقی وزیر نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والے تین پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ امن و امان کی بحالی کے لیے پولیس فورس کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وقت اور وسائل ضائع کرنے کی بجائے امن و امان پر توجہ دی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔








