بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گالم گلوچ کی سیاست کی بنیاد تحریک انصاف نے رکھی، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے سیاسی رواداری اور مخالفین کے ساتھ اخلاق کے دائرے میں رہ کر سیاست کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ “دوسروں کی بات سننے کا حوصلہ رکھنا چاہئے۔ ہم نے کبھی پرتشدد سیاست کی حمایت نہیں کی اور نہ ہی سیاسی مخالفین کو دشمن سمجھا ہے۔”

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات کے دوران جب تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کنٹینر سے گر کر زخمی ہوئے تو “ہم نے اپنی انتخابی مہم روک دی تھی، ہماری قیادت ان کی عیادت کے لیے شوکت خانم اسپتال گئی اور خیر سگالی کا پیغام دیا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “ہماری کاوشوں اور رواداری کو ہماری کمزوری سمجھا گیا، مگر ہماری روایت یہی ہے کہ ہم سیاسی مخالفین کی خوشی غمی میں شریک ہوتے ہیں۔”

عطاء اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کی گالم گلوچ کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “کنٹینر پر روزانہ گالم گلوچ کا کلچر متعارف کرایا گیا جبکہ نواز شریف نے ہمیشہ دور اندیشی اور سیاسی اخلاق کا مظاہرہ کیا۔”

وفاقی وزیر نے کہا کہ “ملتان کے جلسے میں بھگدڑ مچنے سے تحریک انصاف کے آٹھ سے دس کارکن جاں بحق ہوئے تھے، مگر کیا پی ٹی آئی قیادت نے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی؟” انہوں نے مزید کہا کہ “پی ٹی آئی نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے جھوٹا بیانیہ بنایا اور اسلام آباد کی سڑکوں کو خون آلود دکھایا۔ اگر ان کا بیانیہ سچ تھا تو پھر ان کے بیانات اور اعداد و شمار مختلف کیوں ہیں؟”

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف نے سیاسی مخالفین کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو نشانہ بنانے کی روایت قائم کی، جو قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ “ہم نے کبھی کسی کو توڑ کر سیاسی میدان میں شکست دینے کی کوشش نہیں کی، جبکہ تحریک انصاف نے ہمیشہ نفرت، تعصب اور انتشار کی سیاست کی۔”

وفاقی وزیر نے کہا کہ “ملک کے عوام کا اصل مسئلہ مہنگائی اور غربت ہے، جس کے حل کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔”

عطاء اللہ تارڑ نے خطاب کے اختتام پر کہا کہ نواز شریف کی سیاسی حکمت عملی اور رواداری ہمیشہ پاکستان کے مفاد میں رہی، لیکن بدقسمتی سے اس کو کمزوری سمجھا گیا۔