بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی احتجاج میں سرمیں گولی لگ کر زخمی ہونے والا رینجرجوان 3 ہفتوں چل بسا

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد میں 24 نومبرکے احتجاج کے دوران رینجرز کا زخمی ہونے والا جوان اسپتال میں دم توڑ گیا ہے، لائس نائیک تنویر کے سر میں گولی لگی تھی، وہ 3 ہفتوں سے سی ایم ایچ اسپتال میں زیر علاج تھے۔
جمعرات کو وفاقی پولیس نے رینجرز کے جوان لائس نائیک تنویر کی شہادت کی تصدیق کرتےہوئے کہا ہے کہ لائس نائیک تنویر تھانہ ترنول اسلام آباد کے قریب مظاہرین کی فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہو گئے تھے اور راولپنڈی ’سی ایم ایچ‘ اسپتال میں زیر علاج تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لائس نائیک تنویر تھانہ ترنول پر 26 نمبر چونگی پر اپنی ڈیوٹی دے رہے تھے کہ مظاہرین نے ان کے سر میں گولی مار دی اور انہیں بری طرح زخمی حالت میں اسپتال میں پہنچایا گیا تھا، تاہم جمعرات کو وہ اسپتال میں شہید ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق لائس نائیک تنویر کا مقدمہ نمبر 933 دہشتگردی کے ایکٹ کے تحت تھانہ ترنول میں درج ہے جس میں اب دفعہ نمبر302 بھی شامل کی جائے گی۔ رینجرز کے جوان کا پوسٹ مارٹم راولپنڈی ’سی ایم ایچ‘ اسپتال میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 24 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنے کی کال دی تھی تاہم پی ٹی آئی کے حامی 26 نومبرکو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قیادت میں اسلام آباد ’ڈی چوک‘ پہنچے تھے۔
پشاور سے اسلام آباد پہنچنے تک پولیس اور مظاہرین کے درمیان متعدد جھڑپیں ہوئیں جس میں درجنوں پولیس جوان بھی زخمی ہوئے۔
پولیس نے کہا تھا کہ تھانہ ترنول کے قریب پی ٹی آئی کے مشتعل ہجوم نے رینجرز کے جوانوں پر گاڑی چڑھا دی تھی جس سے 3 رینجرزجوان موقع پرہی شہید ہو گئے تھے، اب اسلام آباد احتجاج میں رینجرز کے شہید ہونے والوں جوانوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔