بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کی زیر صدارت محصولات میں بہتری کے لیے اہم اجلاس، ٹیکس چوری کے خاتمے پر زور

لاہور(نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت محصولات میں بہتری کے لیے اہم اجلاس ہوا، جس میں شوگر انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹکس کی تنصیب اور نگرانی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے ایف بی آر کی کارکردگی کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے محصولات کی وصولی کے لیے بنائی گئی حکمت عملی کے نفاذ پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دی اور کہا کہ شوگر انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹکس کی تنصیب سے محصولات کی وصولی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان اصلاحات سے چینی کی ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ ہوگا اور قیمتوں میں توازن قائم رکھنے میں مدد ملے گی، جس سے عوام کو سستی چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے چینی کے اسٹاک کی باقاعدہ نگرانی کے لیے احکامات دیے تاکہ سپلائی چین متاثر نہ ہو۔

وزیراعظم نے ٹیکس چوری اور کم ٹیکس دینے والی شوگر ملوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے اقدامات سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے ایف بی آر ویلیو چین کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور ٹیکس نادہندگان کو نیٹ میں لانے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے سیمنٹ اور ٹوبیکو انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹکس کا کام جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، عطا تارڑ، وزیر مملکت علی پرویز ملک اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔