مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نوازشریف مذاکرات کےلیے9مئی پرمعافی مانگنے کا مطالبہ کریں گے۔
نجی ٹی وی سےگفتگو کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آٹھ فروری کے الیکشن میں ارینجمنٹ کے ذریعے حکومت بنوائی گئی، جہاں سے جو امیدوار پسند آیا اسے جتوایا گیا۔
ان کاکہناتھا کہ آٹھ فروری کے الیکشن میں کسی جماعت کی اکثریت نہیں تھی، الیکشن کے دس دن بعد میری شہبازشریف سے ملاقات ہوئی، شہبازشریف نے کہا ہمیں مرکزمیں حکومت نہیں بنانی چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت بنوانے میں انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کا کردارتھا، جب عمران خان نے انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کا مفاد چھوڑا توعدم اعتماد ہوگیا، پی ٹی آئی حکومت کےخلاف عدم اعتماد نہیں لانی چاہئے تھی۔
جاوید لطیف نے کہا کہ 8 فروری کے الیکشن میں بھی فیض حمید کے ذریعے سہولت کاری کی گئی، فیض حمید اکیلے سہولت کاری نہیں کرسکتے تھے، میں کیسے مان لوں فیض حمید سب کچھ کررہے تھے اورباجوہ کوعلم نہ ہو؟ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ اس وقت کی عدلیہ بھی شامل تھی۔
نوازشریف مذاکرات کیلئے 9مئی پر معافی مانگنے کا مطالبہ کرینگے، جاوید لطیف








