بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسپیکر قومی اسمبلی کی کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی علیہ السلام اللہ تعالی کے برگزیدہ پیغمبر ہیں، ان کا یوم پیدائش ہم سب کے لیے باعث سعادت و مسرت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت عیسٰی علیہ السلام نے امن، رواداری، اخوت، اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ملک کی ترقی و خوشحالی میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری نے تمام شعبہ زندگی خصوصا تعلیم اور صحت میں گراں قدر خدمات پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کے متنوع معاشرے کا اہم حصہ ہے اور ملک کی ترقی میں ان کا کردار قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرسمس کا تہوار ہمیں اتحاد، رواداری، اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، جو کہ معاشرے کی ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے سکتے ہیں۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ آئین پاکستان بلا امتیاز رنگ، نسل اور مذہب تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے اور انہیں اپنے عقائد اور رسومات کے مطابق زندگی بسر کرنے کی آزادی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان موثر قانون سازی کے ذریعے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر قانون سازی کرنے کے لیے پختہ عزم رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہری ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے قابل ستائش کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ان کے رسم و رواج اور عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔