بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قائداعظم کے اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط ترقی کا راستہ ہیں: چوہدری شجاعت حسین

لاہور (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین نے قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا۔

چوہدری شجاعت حسین نے قائداعظم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عہد ساز شخصیت تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ وطن دینے کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی ان تھک محنت اور اصولوں کی پاسداری کے باعث مسلمانوں کو ایک علیحدہ شناخت اور سیاسی سمت ملی۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ قائداعظم اخلاقیات اور اصولوں کے روشن مینار تھے جنہوں نے مسلمانوں کے حقوق کی جدوجہد کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔ ان کی قیادت میں برصغیر کے مسلمان کامیابی کے ساتھ اپنی منزل پر پہنچے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم کے رہنما اصول اتحاد، ایمان، اور نظم و ضبط آج بھی ہماری ترقی کا راستہ ہیں۔ چوہدری شجاعت نے زور دیا کہ بانی پاکستان کے خوابوں کی تعبیر کے لیے ہمیں اپنی ذاتی خواہشات کو قومی مفادات پر قربان کرنا ہوگا۔

چوہدری شجاعت نے کشمیر کے حوالے سے قائداعظم کے مؤقف کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے شکار کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں قائداعظم کی تعلیمات پر عمل کرنے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے متحد ہوکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے۔ قائداعظم نے اپنی آخری سانس تک ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کیا، اور ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ہم اپنی منزل حاصل کر سکتے ہیں۔

چوہدری شجاعت نے ان لوگوں پر بھی تنقید کی جو آج “حقیقی آزادی” کا نعرہ لگا رہے ہیں، اور کہا کہ اصل آزادی ہمیں قائداعظم کی قیادت میں 14 اگست 1947 کو ملی۔ اب وقت ہے کہ ہم متحد ہو کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔