حکومت نے چیئرمین پی اے سی کا انتخابی عمل اگلے ہفتے ہر صورت مکمل کرانے کا فیصلہ کر لیا۔
پبلک اکاونٹس کمیٹی کی تشکیل مسلسل التواء کا شکارہونے پر مسلم لیگ ن کے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامرڈوگر کو تیسرا خط لکھ دیا۔
ن لیگ کے چیف وہپ نے خط میں کہا کہ 10 ماہ گزرنے کے باوجود اپوزیشن نے ابھی تک پینل نہیں بھجوایا، حکومتی اتحاد کا چیئرمین پی اے سی کا انتخاب آئندہ ہفتے ہر صورت کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے اپنے تیسرے خط میں کہاکہ پہلے لکھے گئے 2 خطوط میں آپ سے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین کے لئے 4 ممبران کا پینل مانگا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحاد کی جانب سے چیئرمین پی اے سی کے انتخاب کے لئے سنجیدہ کوشش کی گئی، حکومت چیئرمین پی اے سی کا عہدہ اپوزیشن کو دینا چاہتی ہے تاکہ خود احتسابی کا عمل صاف و شفاف رہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہاکہا کہ بطور حکمران جماعت چیف وہپ مجھ پر اتحادی جماعتوں کا دباو ہے، حکومت اور اتحادی چیئرمین پی اے سی کے لئے جلد انتخاب کا عمل مکمل کرنا چاہتی ہے۔ آپ کو ایک بار پھر آخری موقع کے طور پر گزارش ہے کہ 7 دن میں پینل بھجوایا جائے۔
مسلم لیگ ن کے چیف وہپ نے کہا کہ اگر پینل 7 دنوں میں نہ بھیجا گیا تو حکومتی اتحاد مل کر چیئرمین پی اے سی کا فیصلہ کرے گا، اورپی اے سی کے چیئرمین کا انتخاب آئندہ ہفتے ہر صورت کیا جائے گا۔
چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کا انتخاب اگلے ہفتے کرانے کا فیصلہ








