جمعیت علمائے اسلام پاکستان نے مدارس ایکٹ کے نوٹفکیشن پر قوم اور اتحاد تنظیمات مدارس کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد رنگ لائی اور اسی طرح مدارس کی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مدارس ایکٹ نوٹیفیکیشن جاری ہونے پر اللہ کریم کے حضور سجدہ شکر کرتے ہیں اورقوم، کارکنان اور اتحاد تنظیمات مدارس کے اکابر کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
اسلم غوری نے کہا کہ اللہ کریم نے سرخرو کیا اور جدوجہد رنگ لے آئی۔
ان کاکہناتھاکہ جے یو آئی دینی مدارس کے تحفظ میں ہمیشہ کردار ادا کرتی رہے گی، مدارس دینیہ اسلام کے قلعے اور پاکستان کے نظریاتی جغرافیے کے محافظ ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ دینی اداروں کے تحفظ کے لیے علما کا اتحاد اہم ہے اور مدارس کے خلاف ہر سازش ناکام بنائیں گے۔
اسلم غوری نے کہا کہ مدارس کی خود مختاری پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے۔
ہماری جدوجہد رنگ لائی ، مدارس ایکٹ کا نوٹیفکیشن جاری ہونے پر جے یوآئی کا ردعمل








