بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مہنگائی میں کمی کے حکومتی دعوے ،عوام ریلیف سے محروم

اسلام آباد(طارق محمودسمیر)ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی کی نوید سناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دسمبر 2024 میں سالانہ بنیادوں پر مزید کم ہو کر1.4 فیصد پر آ گئی۔ رپورٹ کے مطابق کنزیومر پرائس انڈیکس سے پیمائش کردہ مہنگائی دسمبر 2024 میں سالانہ بنیادوں پر تنزلی کے بعد1.4 فیصد رہی، جو گزشتہ مہینے 9.4 فیصد اور دسمبر 2023 میں29.7 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی،ایک طرف حکومت مہنگائی میں کمی کے دعوے کررہی ہے جب کہ دوسری طرف مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کے نرخ اس کے برعکس کہانی بیا ن کررہے ہیںبلکہ حالیہ عرصے میں خوردنی تیل سمیت بعض اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھاگیاہے،چنانچہ صارفین کا یہ شکوہ بجاہے کہ مہنگائی میں کمی کے دعوے اعدادوشمارکاہیرپھیرہی ہیں  ، مہنگائی میں کمی کے ثمرات عوام تک صحیح معنوں میں نہ پہنچنے کی ایک اہم وجہ مصنوعی مہنگائی مافیابھی ہے چنانچہ حکومت کی طرف سے مہنگائی میں کمی کے دعوے ہی کافی نہیں بلکہ اس مہنگائی میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانابھی حکومتی ذمہ داری ہے ،ماہرین کاکہناہے کہ صرف افراط زر کی شرح کو بیان کر کے خوشی سے بغلیں بجانا درست نہیں ہے افراط زر کا اصل فائدہ تب ہوتا ہے، جب پیداوار اور لوگوں کی آمدن بڑھ رہی ہو اور ان کی قوت خرید اتنی ہو کہ وہ کم افراط زر میں اپنی ضروریات کی چیزیں خرید سکیں، پاکستان میں ہونے والے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے اور بھاری ٹیکسوں کے بعد لوگوں کی حقیقی آمدن بہت کم ہو چکی ہیچنانچہ جب تک لوگوں کی قوت خرید میں اضافہ نہیں ہو گا اس وقت تک انہیں مہنگائی سے نجات نہیں ملے گی کیونکہ اس وقت بہت سی ضروریات زندگی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں،دوسری جانب خیبرپختونخوامیں گرینڈجرگہ کامیاب ہوااور فریقین کے درمیان امن معاہدہ ہوگیا،یہ پیشرفت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے نتیجے میں سامنے آئی اور خیبرپختونخواحکومت نے امن معاہدے میں اہم کرداراداکیالیکن کرم میں پیداہونے والے حالات کی ذمہ داربھی کسی حدتک صوبائی حکومت ہے جس نے فوری طورپراس حساس معاملے پرتوجہ نہیں دی اور اس کا نتیجہ ہلاکتوں کی صورت میں نکلا،دیکھاجائے تو اس طرح کے امن معاہدے ماضی میں بھی ہوتے رہے ،1990 میں بھی اس طرح کا معاہدہ ہوا تھا اس کیبعد بھی کئی معاہدے ہوئے چنانچہ یہ بات واضح ہے کہ امن معاہدہ مسئلے کا وقتی حل ہے دیرپاامن کے لیے مسئلے کے اسباب کا خاتمہ ضروری ہے،اس ضمن میں بھی اقدامات اٹھانے ہوں گے ،قبائل کے پاس جدیداسلحہ سوالیہ نشان ہے ،اگران کے پاس غیرقانونی اسلحہ ہے تو اس پر ایکشن ہوناچاہئے اوراگرقانونی بھی ہے تو لائسنس کے بے دریغ اجراء کی تحقیقات ہونی چاہئے ،مورچوں کو مسمارکیاجاناچاہئے،بیرونی مداخلت کا روکناناگزیر ہے امیدہے کہ پائیدارامن کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی تاکہ کرم جیسی صورتحال پھرپیدانہ ہو۔