لاہور(ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے کاربن لیوی ٹیکس کے نفاذ کے بعد ملک میں موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں سوزوکی کمپنی نے بھی اپنی مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 3900 سے 5900 روپے تک کا اضافہ کر دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ نئی قیمتوں کے مطابق سوزوکی جی ایس 150 کی قیمت میں 3,900 روپے اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 92 ہزار 900 روپے ہو گئی ہے۔جی ڈی 110 کی قیمت 3,300 روپے بڑھا کر 3 لاکھ 62 ہزار 600 روپے کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ جی آر 150 کی قیمت 5,900 روپے کے اضافے کے بعد 5 لاکھ 52 ہزار 900 روپے ہو گئی۔جی ایس ایکس 125 کی قیمت بھی 5,900 روپے بڑھا کر 4 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب موٹر سائیکل خریداروں اور عام شہریوں نے قیمتوں میں اس اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو کاربن لیوی کے اثرات کم آمدنی والے طبقے پر نہیں ڈالنے چاہئیں۔ روزمرہ سفر کے لیے استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اب عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔









