بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 9 مئی کیس: ذمہ داروں کو سزائیں نظام انصاف فتح ہے،عطاء تارڑ

وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے 9 مئی واقعات میں ملوث ملزمان کو سنائی گئی سزاؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کا دن ہے ۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے دلخراش واقعات میں ملوث افراد کے خلاف ناقابل تردید شواہدموجود تھے، جو عدالت میں مکمل طور پر پیش کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ **”یہ وہ دن تھا جب دفاعی تنصیبات، شہداء کی یادگاروں اور سرکاری املاک کو نشانہ بنایا گیا، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کیے گئے۔
وفاقی وزیر کے مطابق ملزمان کا فیئر ٹرائل آئین و قانون کے مطابق کیا گیا اور آج عدالت نے سزائیں سنا کر انصاف کے نظام کی فتح کو یقینی بنایا۔ انہوں نے زور دیا کہ جو سمجھتے تھے وہ قانون سے بالاتر ہیں، آج انہیں جواب مل گیا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کا ماسٹر مائنڈ اس وقت جیل میں موجود ہے اور تمام تر شواہد کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک منظم سازش تھی، جس کے ذریعے ملک میں افراتفری اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان لوگوں نے شہداء کی تکریم تک نہیں کی، جناح ہاؤس لاہور میں پروفیشنل ڈاکوؤں کی طرح لوٹ مار کی گئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ آج کی سزاؤں کے بعد آئندہ کوئی دشمن کے ایجنڈے پر عمل کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی دشمن نے حملہ کرنے کی کوشش کی، قوم نے متحد ہو کر منہ توڑ جواب دیا، لیکن یہ لوگ دشمن سے بھی زیادہ خطرناک عزائم رکھتے تھے۔
عطاء اللہ تارڑ نے زور دیا کہ یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں انصاف کا نظام فعال ہے اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں،یہ اجتماعی سازش تھی، اور آج اجتماعی طور پر ناکام ہو چکی ہے۔