بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کاڈر،مودی نے ٹرمپ کی  دورہ امریکہ کی دعوت ٹھکرادی

   امریکی جریدے بلومبرگ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دورۂ امریکہ کی دعوت اس خدشے کے باعث مسترد کر دی کہ انہیں وہاں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کروائی جا سکتی ہے۔
  فون کال کی تفصیلات 
رپورٹ کے مطابق 17 جون کو مودی اور ٹرمپ کے درمیان 35 منٹ طویل ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں ٹرمپ نے مودی کو جی 7 سمٹ کے بعد امریکہ آنے کی دعوت دی۔ تاہم مودی نے دعوت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

ممکنہ ملاقات کا خدشہ
بلومبرگ کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کو اندیشہ تھا کہ امریکہ میں ان کی ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کروائی جائے گی، جس پر وہ آمادہ نہیں تھے۔

وائٹ ہاؤس کا ردعمل 
رپورٹ کے مطابق اس فون کال کے بعد وائٹ ہاؤس کے رویے میں نمایاں تبدیلی آئی۔ وائٹ ہاؤس نے بعد میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “بھارت کے ساتھ ہم آہنگی ممکن نہیں” تاہم دونوں ممالک کے درمیان رابطے جاری رہیں گے۔

تجارتی تعلقات میں کشیدگی
بلومبرگ کے مطابق امریکہ کی جانب سے بھارت پر عائد کیے گئے نئے ٹیرف نے دو طرفہ تعلقات کو مزید کشیدہ کر دیا ہے، جو تعلقات کے تابوت میں آخری کیل  ثابت ہوا۔ بھارت نے اب تک امریکی ٹیرف کا کوئی باضابطہ جواب نہیں دیا، جبکہ مودی حکومت امریکہ کی جانب جھکاؤ کی پالیسی کا ازسرنو جائزہ لے رہی ہے۔

امریکی جریدے بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پسندیدہ ملک بن چکا ہے، جب کہ بھارت کو واشنگٹن کی جانب سے مختلف نوعیت کے سفارتی اور تجارتی دباؤ کا سامنا ہے۔
پاکستان نے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے حکمت عملی سے کام لیا اور سفارتی محاذ پر مؤثر انداز میں اپنے “پتے کھیلے”۔ پاکستان اُن چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے امریکہ کے ساتھ کامیاب تجارتی معاہدہ کیا ہے۔
بلومبرگ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط کا آغاز اُس وقت ہوا جب پاک بھارت کشیدگی عروج پر تھی۔ پاکستان نے اس دوران صدر ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی کی اپیل کا خیرمقدم کیا، جبکہ بھارت نے ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کر دیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے پاس ایسے اسٹریٹجک اثاثے موجود ہیں جو امریکہ کے مفادات کے لیے نہایت اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان میں سونے اور تانبے کے وہ بڑے ذخائر بھی شامل ہیں، جو تاحال مکمل طور پر دریافت یا استعمال میں نہیں لائے جا سکے۔یہی وہ عوامل ہیں جن کی بدولت پاکستان امریکہ کی خارجہ پالیسی میں خاص توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔