پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے نئے ایئر ڈیفنس سسٹم کے تجربات کا مشاہدہ کیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک اپنی فوجی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کم جونگ اُن نے دو جدید ایئر ڈیفنس میزائلوں کی ٹیسٹ فائرنگ میں شرکت کی۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ان میزائلوں نے تجربے کے دوران شاندار جنگی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ماہرین کے مطابق نیا ایئر ڈیفنس سسٹم ڈرونز اور کروز میزائلوں جیسے فضائی اہداف کو زیادہ تیزی اور درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیانگ یانگ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے دوران اپنے میزائل دفاعی نظام کو جدید بنانے پر توجہ دے رہا ہے۔
عالمی مبصرین کے مطابق یہ تجربات ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جنوبی کوریا کی قیادت سے واشنگٹن میں ملاقات کرنے والے ہیں۔









