بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فلسطینی پرچم لہرانے پر تنازعہ،پورٹسمتھ میوزک فیسٹیول میں آئرش بینڈ دا میری واللوپرز اسٹیج سے ہٹا دیا گیا

پورٹسمتھ (انٹرنیشنل ڈیسک)آئرلینڈ کے مشہور لوک بینڈ دا میری واللوپرز کو برطانیہ کے شہر پورٹسمتھ میں میوزک فیسٹیول کے دوران اس وقت اسٹیج سے ہٹا دیا گیا جب انہوں نے فلسطینی پرچم لہرایا اور “فری فلسطین” کے حق میں نعرے لگائے۔

بینڈ کی پرفارمنس صرف 20 منٹ جاری رہی جس کے بعد منتظمین نے اچانک مائیکروفون بند کر دیے اور انہیں اسٹیج سے نیچے اتار دیا۔

فیسٹیول انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ مائیکروفونز بند کرنے کی وجہ بینڈ کی جانب سے “متعصبانہ الفاظ” کا استعمال تھا اور اس فیصلے کا تعلق فلسطین کے حق میں نعروں سے نہیں تھا۔

دوسری جانب دا میری واللوپرز کا کہنا ہے کہ ان کی پرفارمنس صرف اس وجہ سے روکی گئی کیونکہ انہوں نے فلسطینی پرچم بلند کیا۔ ان کے مطابق وہ گزشتہ چھ برس سے اسٹیج پر ایسا کرتے آرہے ہیں مگر اس بار انہیں نشانہ بنایا گیا۔

بینڈ نے مؤقف اختیار کیا:
“فری پیلیسٹائن آل دے، ایوری ڈے” (آزاد فلسطین ہر دن، پورا دن)۔
بینڈ کے مداحوں نے بھی فیسٹیول انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور بزدل قرار دیا۔

خیال رہے کہ دا میری واللوپرز فلسطینی عوام کے حق میں مسلسل آواز اٹھاتے رہے ہیں اور نومبر میں انہوں نے گیگ فار غزہ کے نام سے امدادی کنسرٹ بھی منعقد کیا تھا۔

اسی دوران شمالی آئرلینڈ کے بینڈ نیکیپ (Kneecap) نے بھی ان کی حمایت کی اور کہا کہ “انگلینڈ میں جو نسل کشی کے خلاف بولتا ہے، اس کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔”
واضح رہے کہ نیکیپ کے گلوکار لیم پر گزشتہ برس لندن میں حزب اللہ کا پرچم لہرانے پر دہشت گردی کے الزامات لگائے گئے تھے۔