اسرائیل کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ حماس کی شکست اور یرغمالیوں کی رہائی تک غزہ کو تباہ کرتے رہیں گے۔
غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے تیز تر ہو گئے ہیں، اور بڑی تعداد میں شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں، ایسے میں اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ طوفان غزہ پر مسلسل حملہ کر رہا ہے، اسرائیل غزہ کے انفراسٹرکچر کو تباہ کرتا رہے گا جب تک حماس کو شکست نہ ہو جائے اور تمام یرغمالیوں کو رہا نہ کر دیا جائے۔
کاٹز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ طوفان غزہ پر مسلسل حملہ کر رہا ہے، النور ٹاور گر گیا ہے اور غزہ کے باشندوں کو جنوب کی طرف جانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل انفراسٹرکچر کو اس وقت تک تباہ کرتا رہے گا جب تک کہ حماس کو شکست نہ ہو جائے اور تمام یرغمالیوں کو رہا نہ کر دیا جائے۔
ادھر اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کی ایجنسی (انروا) نے ہفتے کے روز خبردار کیا ہے کہ اسرائیل غزہ اور شمالی غزہ کی جنوبی شہروں میں پورے کے پورے محلوں کو خالی کروا رہا ہے۔ انروا نے بتایا کہ غزہ شہر کے 86 فی صد سے زیادہ حصے کو یا تو خالی کرانے کے احکامات جاری ہیں، یا وہ اسرائیلی فوجی زون میں تبدیل ہو چکے ہیں، اور شہریوں کے لیے کہیں بھی محفوظ پناہ گاہ نہیں بچی۔
فلسطینی میڈیا سینٹر نے ہفتے کے روز بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ سٹی کے جنوب مغرب میں تل الھوا محلے میں واقع وزارت تعلیم کے قریب النور رہائشی ٹاور کو بی تباہ کر دیا ہے جس پر پہلے بھی حملہ کیا گیا تھا۔ یہ حملہ اسرائیلی فوج کی جانب سے ٹاور کو فوری طور پر خالی کرنے کی کال کے بعد کیا گیا تھا۔
ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے رہائشیوں سے ایک بار پھر کہا کہ وہ شہر چھوڑ کر جنوب کی طرف چلے جائیں، شہر پر قبضے کے لیے فوجی تیاریاں جاری ہیں۔









