ابوظبی نے دنیا بھر کے جوڑوں کے لیے شادی کو نہایت آسان بنا دیا ہے — اب آپ چاہے پاکستان میں ہوں، امریکا میں یا یورپ میں، آپ بغیر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) آئے، گھر بیٹھے ابوظبی میں ورچوئل (آن لائن) شادی کرسکتے ہیں۔
ابوظبی حکومت کی جانب سے ایک ڈیجیٹل سروس متعارف کرائی گئی ہے، جس کے ذریعے دنیا کے کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والے، کسی بھی مذہب کے جوڑے،TAMM ایپ یا ابوظبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کے پلیٹ فارم کے ذریعے قانونی طور پر شادی کے بندھن میں بندھ سکتے ہیں۔
اس آن لائن سروس کا استعمال نہایت سادہ ہے۔ بس آپ کو ایک اچھی ڈیوائس، مستحکم انٹرنیٹ کنکشن اور چند ضروری دستاویزات کی ضرورت ہوگی۔ ایپ کھولیں، شادی کا فارم بھریں، اپنی دستاویزات اپ لوڈ کریں، شادی کی رسومات مکمل کرنے والے رجسٹرار کو منتخب کریں، اور پھر اپنی شادی کی ورچوئل تقریب کا مزہ لیں — اور یہ سب عمل صرف 24 گھنٹوں کے اندر مکمل ہو سکتا ہے۔
اس سروس کی فیس 800 درہم (تقریباً 61 ہزار پاکستانی روپے) ہے۔ اگر آپ یو اے ای سے باہر مقیم ہیں تو ممکن ہے کہ آپ کو کسی مقامی نمائندے یا وکیل کی خدمات حاصل کرنا پڑیں تاکہ کارروائی مکمل ہو سکے۔ شادی کی تقریب کے بعد، آپ کو سرکاری طور پر تسلیم شدہ شادی کا سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جائے گا، جو نہ صرف یو اے ای بلکہ دنیا بھر میں قابل قبول ہوگا۔ مزید یہ کہ، اگر آپ چاہتے ہیں کہ اس سرٹیفکیٹ کو بیرونِ ملک کسی سرکاری مقصد کے لیے استعمال کیا جائے، تو 300 درہم اضافی فیس ادا کرکے اسے سرکاری سطح پر ٹیسٹ بھی کرایا جا سکتا ہے۔
اس ڈیجیٹل شادی پروگرام کا مقصد ذاتی زندگی سے متعلق قوانین کو جدید بنانا، حکومتی سروسز کو ڈیجیٹل بنانا اور عام لوگوں کے لیے سہولت پیدا کرنا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کووِڈ-19 کے دوران یو اے ای میں ورچوئل شادیوں کے تجربات کیے گئے تھے، اور اب اسی خیال کو مزید ترقی دے کر دنیا بھر کے جوڑوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
تو اگر آپ چاہیں تو اب شادی کے لیے سرحدیں آپ کے راستے کی رکاوٹ نہیں رہیں — صرف چند کلکس، اور آپ زندگی کے نئے سفر کی شروعات کر سکتے ہیں۔
اب گھر بیٹھے ابوظبی میں شادی ممکن








