بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ڈھاکا ، ہوائی اڈے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آمدورفت معطل

ڈھاکا ، ہوائی اڈے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آمدورفت معطل
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں واقع حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے کے کارگو حصے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی۔ یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جب کارگو ایریا میں واقع گیٹ نمبر 8 کے قریب آگ لگ گئی۔
واقعے کے فوراً بعد فائر سروس اینڈ سول ڈیفنس کی 36 ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ فائر بریگیڈ کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کی نیوی، ایئر فورس اور بارڈر گارڈ کے دستے بھی امدادی کارروائیوں میں شریک ہو گئے۔ بنگلہ دیش کے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق مختلف ادارے آگ بجھانے میں مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مصروف عمل ہیں۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے ابتدائی طور پر تمام پروازیں معطل کر دیں اور فضائی حدود شام چھ بجے تک بند رکھنے کا اعلان کیا۔ اس دوران کم از کم پانچ پروازوں کا رخ چٹاگانگ کے شاہ امانت بین الاقوامی ہوائی اڈے اور سلہٹ کے عثمانی بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف موڑ دیا گیا۔ ڈھاکا سے امریکا اور بنگلہ دیش ایئرلائنز کی دو دو پروازوں سمیت مجموعی طور پر آٹھ ملکی و غیر ملکی پروازیں متبادل ایئرپورٹس پر اتریں۔
ایئرپورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ تمام طیارے محفوظ ہیں اور صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے، متبادل ہوائی اڈوں پر اتاری گئی پروازوں کو دوبارہ ڈھاکا روانہ کر دیا جائے گا۔ واقعے کے بعد حضرت شاہ جلال ایئرپورٹ پر سفر کے منتظر مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ جلد حالات معمول پر آ جائیں گے۔