کراچی میں جاری 22 ویں ہیلتھ ایشیا نمائش عالمی سطح پر شعبہ صحت میں نئے تعاون اور جدت کی بنیاد رکھ رہی ہے، اور اس ایونٹ میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مندوبین نے پاکستان کے شعبہ صحت میں سرمایہ کاری کے لیے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کا سب سے بڑا بین الاقوامی ہیلتھ ایونٹ کامیابی سے جاری ہے، جس میں دنیا بھر سے شرکاء شرکت کر رہے ہیں۔ اس نمائش کا مقصد نہ صرف شعبہ صحت میں جدید ترین ٹیکنالوجیز اور مصنوعات کو متعارف کرانا ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی صحت کے نظام میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کرنا بھی ہے۔
ایک روسی مندوب نے اس موقع پر کہا کہ یہ نمائش پاکستان کے تاجروں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور کاروباری مواقع کو بڑھانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس کی 14 کمپنیوں کو پاکستان میں متعارف کرانے اور ممکنہ کاروباری شراکت داروں سے تعلقات استوار کرنے کے لیے وہ یہاں موجود ہیں۔
دوسری جانب، چینی مندوب نے اس نمائش کے حوالے سے کہا کہ پاکستان چینی کاروباری اداروں کے لیے ایک نہایت اہم مارکیٹ ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم اس نمائش میں شرکت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں اور وہ اس نمائش کے ذریعے ان مواقع کا فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔









