بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایف بی آر کا ڈاکٹرز، بیوٹی پارلرز اور دیگر شعبوں کا آڈٹ کرنے کا فیصلہ

ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے ایف بی آر نے مختلف شعبوں کے پروفیشنلز کا آڈٹ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے آڈٹ کے لیے 600 نجی آڈیٹرز کی خدمات حاصل کر لی ہیں جبکہ آئندہ چند دنوں میں مزید 200 آڈیٹرز بھی ہائر کیے جائیں گے۔ مجموعی طور پر ایف بی آر 2 ہزار نجی آڈیٹرز کو آڈٹ کے عمل میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جو ٹیکس دہندگان کی معلومات مکمل طور پر خفیہ رکھنے کے پابند ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھاری فیس لینے والے ڈاکٹرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں بڑے ڈاکٹرز کو نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 250 مہنگے ڈاکٹرز کے آڈٹ ہوں گے، جن میں کراچی اور لاہور کے 100، 100 جبکہ اسلام آباد کے 50 ڈاکٹرز شامل ہوں گے۔
ایف بی آر کے مطابق بڑے شہروں میں مہنگے بیوٹی پارلرز اور مہنگی کاسمیٹکس فروخت کرنے والوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پینٹ اور سیمنٹ سیکٹر میں ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے بھی نجی کمپنیوں کا آڈٹ کیا جائے گا۔