شہر قائد میں اسلحے کے غیر قانونی اور بے دریغ استعمال کا سلسلہ بدستور جاری ہے، اکتوبر میں 43 افراد اندھی گولیوں سے زخمی بنے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں نامعلوم سمت سے چلنے والی گولیاں لگنے سے شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعات تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہے۔
گزشتہ ماہ اکتوبر میں 43 افراد نامعلوم سمت سے آنے والی گولیوں کا شکار بنے جس میں شیر خوار ، کمسن ، نوعمر لڑکے ، لڑکیاں اور خواتین بھی شامل ہیں۔
شہری انجانے خوف کا شکار ہیں کہ کب اور کہاں سے نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کا نشانہ بن جائیں۔ شہری نہ تو گھروں میں اور نہ ہی سر راہ محفوظ دکھائی دیتے ہیں۔
2 ماہ ستمبر اور اکتوبر میں نامعلوم سمت کی گولیاں لگنے سے مجموعی طور پر 67 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق یکم اکتوبر کو بلدیہ سیکٹر فور سی میں گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 6 ماہ کی بشریٰ زخمی ہوگئی۔
2 اکتوبر کو پی آئی بی کالونی پرانی سبزی منڈی پیر بخاری کے قریب گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 20 سالہ گل رحمٰن ، 3 اکتوبر کو فرنٹیئر کالونی غوثیہ محلہ 2 نمبر شہید قبرستان کے قریب گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے ڈیڑھ سالہ ابوبکر۔
4 اکتوبر کو منگھوپیر نیو میانوالی کالونی رئیس سینٹر کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 45 سالہ ناصر اور بلدیہ 24 مارکیٹ کے قریب 28 سالہ عثمان ، 5 اکتوبر کو کورنگی انڈس اسپتال کے قریب 24 سالہ ثریا بی بی زخمی ہوئیں۔
اس کے علاوہ 6 اکتوبر کو سائٹ ایریا باوانی چالی کے قریب 25 سالہ محمود علی ، 7 اکتوبر کو کیماڑی گوٹ لائن ہوٹل کے قریب 27 سالہ وقاص جبکہ لیاقت آباد دس نمبر ناز اسکول والی گلی کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 15 سالہ حسیب ۔
11 اکتوبر کو 4 افراد جس میں لیاری کھڈا مارکیٹ میمن سوسائٹی میں گھر کے اندر 27 سالہ سبطین ، کورنگی کراسنگ کے قریب گھر کے اندر 24 سالہ زبیر، اورنگی 12 نمبر کے قریب 32 سالہ وسیم جبکہ منگھوپیر غازی گوٹھ میں گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 4 سالہ صبیحہ زخمی ہوگئی۔
ترجمان چھیپا کے مطابق 14 اکتوبر کو شاہ فیصل کالونی ایک نمبر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 29 سالہ ظہور ، 16 اکتوبر کو نارتھ ناظم آباد سخی حسن چورنگی کے قریب 55 سالہ ٹیپو سلطان اور اختر کالونی سیکٹر اے گلی نمبر 11 میں گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 38 سالہ سعدیہ پروین زخمی ہوگئی۔
چھیپا ترجمان کے مطابق 17 اکتوبر کو کمسن بچی اور نوجوان لڑکی سمیت 4 افراد زخمی ہوئے جس میں کورنگی ڈیڑھ نمبر مٹکے والی پلیا کے قریب گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 18 سالہ کنزا ، نارتھ کراچی میں زرینہ کالونی میں گھر میں 45 سالہ منیر احمد ، محمود آباد 2 نمبر میں گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 5 سالہ دعا زہرہ جبکہ نارتھ ناظم آباد بلاک یو پہاڑ گنج کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی گھر کے اندر لگنے سے 42 سالہ پرویز زخمی ہوگیا۔
18 اکتوبر کو 5 افراد نامعلوم گولیوں کا شکار بنے جس میں ملیر داؤد گوٹھ اسپورٹس گراؤنڈ کے قریب 22 سالہ حسنین ، لیاری علی محمد ملحہ کے قریب 27 سالہ شعیب ، بنارس فرنٹیئر کالونی گراؤنڈ کے قریب 15 سالہ معاویہ ، سائٹ ایریا بنوریہ مدرسے کے قریب 50 سالہ عباد الرحمٰن جبکہ یوسف پلازہ کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 40 سالہ شعیب زخمی ہوگیا۔
19 اکتوبر کو 3 افراد نامعلوم سمت کی گولیوں کا شکار بنے جس میں کورنگی ڈھائی نمبر پیٹرول پمپ کے قریب 35 سالہ فاضل ، صفورا موسمیات پل کے قریب نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے 48 سالہ محمد افضل شدید زخمی ہوگیا جبکہ کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 10 سالہ نبیحہ زخمی ہوگئی ، 20 اکتوبر کو گلشن اقبال بلاک 4 قائد اعظم کالونی میں گھر کے اندر 40 سالہ روبینہ جبکہ کورنگی 6 نمبر سیکٹر 51 بی میں زخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی اندھی گولیاں لگنے سے شہری زخمی ہوئے ہیں۔








