بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

راگھو چڈھا کی حمایت میں فنکار بھی میدان میں، پرینیتی چوپڑا اور راجیو آداتیا کا ردعمل سامنے آگیا

ممبئی / نئی دہلی (نیوز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے اپنے شوہر اور بھارتی سیاستدان راگھو چڈھا کی حمایت میں خاموش مگر مؤثر انداز اختیار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ان کا ساتھ دیا، جسے مداحوں نے فوری نوٹس کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق راگھو چڈھا کو راجیہ سبھا میں عام آدمی پارٹی کے نائب رہنما کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد انہوں نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس کا عنوان “Silenced, Not Defeated” رکھا گیا۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں عوامی مسائل اٹھاتے ہیں اور سوال کیا کہ کیا عوامی مسائل پر بات کرنا کوئی جرم ہے؟

اس صورتحال کے بعد پرینیتی چوپڑا نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر شوہر کی ویڈیو بغیر کسی کیپشن کے شیئر کر کے ان کی حمایت کا اظہار کیا، جسے مداحوں نے ان کے اعتماد اور یکجہتی کی علامت قرار دیا۔

اداکارہ اس سے قبل بھی راگھو چڈھا کے مؤقف کی حمایت کر چکی ہیں، خاص طور پر جب انہوں نے راجیہ سبھا میں پدرانہ رخصت (Paternity Leave) کے حوالے سے گفتگو کی تھی۔ اس موقع پر پرینیتی نے ایک جذباتی پیغام میں کہا تھا کہ وہ نہ صرف ایک رکن پارلیمنٹ بلکہ ایک ذمہ دار والد کے طور پر بھی سامنے آئے ہیں، اور والدین دونوں کی مشترکہ ذمہ داری کو اجاگر کیا ہے۔

دوسری جانب معروف ٹی وی شخصیت راجیو آداتیا نے بھی راگھو چڈھا کی حمایت کرتے ہوئے انہیں بھارت کے بہترین سیاستدانوں میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ وہ عام آدمی کی آواز بن کر ابھرے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس معاملے پر بحث جاری ہے اور مداحوں کی بڑی تعداد پرینیتی چوپڑا کے اس اندازِ حمایت کو سراہ رہی ہے، جبکہ راگھو چڈھا کے بیان نے بھی سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔