امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی میں پاکستان کے مؤثر کردار کو نہ صرف عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے بلکہ ملکی شوبز شخصیات نے بھی اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں سے جاری کشیدگی کے دوران پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں اہم سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ ان کوششوں کا مقصد جنگ کو روکنا اور دنیا کو ممکنہ بڑے بحران، حتیٰ کہ تیسری عالمی جنگ جیسے خدشات سے بچانا تھا۔
پاکستان کے اس امن پسند کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جبکہ ملکی فنکار بھی حکومت کی سفارتی کامیابی پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ معروف اداکار احسن خان نے بھی اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں احسن خان نے کہا کہ صبح ایک خوش آئند خبر سننے کو ملی، جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے مثبت ہے۔ ان کے مطابق، امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کا کردار قابلِ تحسین ہے اور یہ عالمی امن کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے۔
انہوں نے پاکستانی عوام کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا لمحہ ہے جس پر قوم کو فخر کرنا چاہیے، جبکہ حکومت اس کامیابی کی سب سے زیادہ حقدار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی جذبہ برقرار رکھا جائے تو مستقبل میں بھی پاکستان مثبت عالمی کردار ادا کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی ممکن ہوئی۔ اس اعلان کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز کو بھی عارضی طور پر کھولنے کا عندیہ دیا، جو عالمی تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے۔
مزید برآں، دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان آئندہ مذاکرات اسلام آباد میں متوقع ہیں، جس سے خطے میں پائیدار امن کی امیدیں مزید مضبوط ہو گئی ہیں۔
ایران-امریکا جنگ بندی: شوبز شخصیات کا پاکستان کے کردار پر مثبت ردعمل








