بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عابد علی کی وفات کے بعد ڈپریشن سے کیسے مقابلہ کیا؟ رابعہ نورین نے بتا دیا

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ رابعہ نورین نے شوہر عابد علی کی وفات کے بعد ڈپریشن کا سامنا کرنے سے متعلق کھل کر بات کی ہے۔

رابعہ نورین اپنی جاندار اداکاری اور مختلف ڈراموں میں منفرد کرداروں کے باعث پہچانی جاتی ہیں۔

ایک حالیہ گفتگو میں رابعہ نورین نے ذہنی صحت کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر ایک مشکل دور سے گزرنے کے بعد ذہنی صحت کی اہمیت کا احساس ہوا۔


انہوں نے بتایا کہ عابد علی کی وفات کے بعد میں شدید ڈپریشن کا شکار ہو گئی تھی۔

اداکارہ کے مطابق ڈپریشن ایک ایسا مرحلہ ہوتا ہے جس میں انسان زندگی سے دلچسپی کھو دیتا ہے، اس دوران نہ کھانے کا دل چاہتا ہے، نہ لوگوں سے ملنے کا نہ ہنسنے کا، نہ فون اٹھانے کا اور نہ ہی روزمرہ کے کام کرنے کا اور انسان اپنی کیفیت بھی دوسروں سے شیئر نہیں کرتا۔

رابعہ نورین نے بتایا کہ میرے بہن بھائیوں نے اس مشکل وقت میں میرا بھرپور ساتھ دیا اور مجھے ڈپریشن سے نکلنے میں مدد فراہم کی، میرے بھائی جو ہومیوپیتھک ڈاکٹر ہیں، انہوں نے بھی میری کافی رہنمائی کی۔

انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ انسان کو خود بھی ڈپریشن سے نکلنے کی کوشش کرنا ہوتی ہے، کیونکہ اگر وہ خود قدم نہ اٹھائے تو ناصرف ڈپریشن برقرار رہتا ہے بلکہ جسمانی صحت بھی متاثر ہونے لگتی ہے۔

اداکارہ نے اس بات پر زور دیا کہ ذہنی اور جسمانی صحت آپس میں جڑی ہوئی ہیں، اس لیے جب بھی انسان خود کو بے جان یا مایوس محسوس کرے تو اسے سنجیدگی سے لینا چاہیے اور بہتری کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے رابعہ نورین کی اس گفتگو کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اب اداکار ذہنی صحت جیسے اہم موضوع پر کھل کر بات کر رہے ہیں اور اسے ایک حقیقی طبی مسئلہ تسلیم کیا جا رہا ہے۔