محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش(Rain) کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر میدانی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ پشاور، سوات، چترال اور دیر سمیت بالائی اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بعض بالائی علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے، جبکہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں بارش کے امکانات زیادہ ہیں، جبکہ خطہ پوٹھوہار میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی جا سکتی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور گرمی کی شدت میں واضح کمی آئے گی۔
مزیدپڑھیں:اسلام آباد ، ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق، پانچ زخمی
ادارے نے متعلقہ حکام کو موسمی صورتحال پر نظر رکھنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔









