پاسپورٹ آفس(Passport Office) اسلام آباد کا نام استعمال کرکے شہریوں کو دھوکا دینے والے ایک مبینہ اسکیمر کے حوالے سے حکام نے عوام کے لیے اہم انتباہ جاری کر دیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ادارے کے نوٹس میں آیا ہے کہ ایک دھوکہ باز شخص ریجنل پاسپورٹ آفس جی-10 اسلام آباد کے گوگل میپس مقام کا غلط استعمال کر رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مذکورہ شخص نے گوگل میپس پر اپنی ذاتی رابطہ معلومات، جن میں فون نمبر اور ای میل ایڈریس شامل ہیں، درج کر رکھی ہیں اور خود کو پاسپورٹ آفس سے منسلک ظاہر کرتے ہوئے شہریوں سے رابطہ کر رہا ہے۔
حکام نے بتایا کہ اسکیمر غیر قانونی طور پر جاز کیش اور مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ادائیگیوں کا مطالبہ بھی کر رہا ہے، حالانکہ اس کا ادارے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی اسے ایسی کوئی اجازت حاصل ہے۔
مزیدپڑھیں:بجٹ مشاورت تیز، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد تک اضافے کی تجویز
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ پاسپورٹ سے متعلق کسی بھی قسم کی فیس یا ادائیگی غیر مصدقہ افراد، ذاتی اکاؤنٹس یا موبائل والٹس میں منتقل نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع اور منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق ادائیگیاں کریں۔
اعلامیے میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ پاسپورٹ خدمات سے متعلق معلومات صرف سرکاری ویب سائٹس، دفاتر اور مستند ذرائع سے حاصل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی مالی دھوکہ دہی یا فراڈ سے محفوظ رہا جا سکے









