بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وفاقی حکومت نے ٹی ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کردیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ٹینیور ٹریک سسٹم (ٹی ٹی ایس) کے تحت خدمات انجام دینے والے اساتذہ، پروفیسرز، ایسوسی ایٹ پروفیسرز اور اسسٹنٹ پروفیسرز کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کردیا۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے اس حوالے سے آفس میمورنڈم جاری کردیا گیا جس کے مطابق وزیراعظم کے فیصلے کی توثیق کے بعد نظرثانی شدہ ٹی ٹی ایس پے پیکیج یکم جولائی 2026ء سے نافذ العمل ہوگا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اسسٹنٹ پروفیسر کی تنخواہوں کے نئے اسکیلز بھی جاری کر دیے گئے ہیں، پروفیسر کی کم از کم بنیادی تنخواہ 3 لاکھ 94 ہزار 875 روپے سے بڑھا کر 4 لاکھ 7 ہزار 230 روپے جبکہ سالانہ انکریمنٹ 19 ہزار 305 روپے سے بڑھا کر 20 ہزار 320 روپے کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ایسوسی ایٹ پروفیسر کی کم از کم بنیادی تنخواہ 2 لاکھ 63 ہزار 250 روپے سے بڑھا کر 3 لاکھ 70 ہزار 810 روپے اور سالانہ انکریمنٹ 15 ہزار 356 روپے سے بڑھا کر 18 ہزار 320 روپے مقرر کی گئی ہے۔

اسسٹنٹ پروفیسر کی کم از کم بنیادی تنخواہ ایک لاکھ 75 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 2 لاکھ 88 ہزار 20 روپے اور سالانہ انکریمنٹ 12 ہزار 65 روپے سے بڑھا کر 17 ہزار 720 روپے کر دی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ 30 جون 2026ء تک ملازمت میں موجود ملازمین کی بنیادی تنخواہ موجودہ اسٹیج کے مطابق نئے ٹی ٹی ایس اسکیل 2026 میں مقرر کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:پیٹرول کی کسٹم کلیئرنس میں تاخیر، ملک میں صرف 15 دن کا ذخیرہ رہ گیا

وزارتِ خزانہ کے مطابق اس نظرثانی سے متعلق مالی بوجھ متعلقہ جامعات اپنے وسائل سے برداشت کریں گی جبکہ وفاقی حکومت اس ضمن میں کسی اضافی مالی ذمہ داری کی پابند نہیں ہوگی۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ دیگر تمام شرائط و ضوابط بدستور برقرار رہیں گی۔