ارجنٹائن(Argentina) کی قومی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ورلڈکپ سیمی فائنل میں فتح کے بعد فیفا کی جانب سے ممکنہ تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
میچ کے اختتام پر ارجنٹائنی کھلاڑیوں نے جشن مناتے ہوئے ایک بینر اٹھایا جس پر ہسپانوی زبان میں ’لاس مالویناس سون ارجنٹیناس‘ لکھا تھا، جس کا مطلب ہے ’فاک لینڈ جزائر ارجنٹائن کے ہیں‘۔
فاک لینڈ جزائر برطانیہ کے زیر انتظام خطہ ہیں تاہم ارجنٹائن طویل عرصے سے ان پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتا رہا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان 1982 میں انہی جزائر کے تنازع پر جنگ بھی ہوئی تھی جس میں سیکڑوں فوجی جان سے گئے تھے۔
فیفا اس سے قبل بھی 2014 میں اسی نوعیت کے بینر کی نمائش پر ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر جرمانہ عائد کر چکا ہے کیونکہ عالمی ادارے کے قوانین کھیل کے میدان میں سیاسی پیغامات کی اجازت نہیں دیتے۔
دوسری جانب ارجنٹائن کی نائب صدر وکٹوریہ ویارویل نے سوشل میڈیا پر اس بینر کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’فاک لینڈ ارجنٹائن کے ہیں‘ اور یہ معاملہ صرف ایک فٹبال میچ نہیں تھا۔
مزیدپڑھیں:راولپنڈی؛ نالے سے ملنے والی بوری بند لاش آستانے کے پیر کی نکلی، قتل کی وجہ بھی سامنے آگئی
انہوں نے میچ سے قبل بھی سخت مؤقف اختیار کیا تھا۔
اس کے برعکس ارجنٹائن کے ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی نے واضح کیا تھا کہ فٹبال اور سیاست کو ایک دوسرے سے نہیں ملانا چاہیے۔
ان کے مطابق ماضی کی جنگ ایک افسوسناک حقیقت ہے لیکن میدان میں توجہ صرف کھیل پر رہنی چاہیے۔
واضح رہے کہ سیمی فائنل میں ارجنٹائن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔









