وزیراعظم محمد شہباز شریف (Shehbaz Sharif) نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے کامیاب آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ دہشت گرد حملوں، خصوصاً بنوں میں پولیس اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدلانہ حملوں کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی بروقت، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔
شہباز شریف (Shehbaz Sharif) نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سکیورٹی اہلکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
مزیدپڑھیں:سیکیورٹی فورسز کی بنوں اور ملحقہ علاقوں میں کارروائیاں، 24 خوارج ہلاک
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ناسور اور اس کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا اور ایسے بزدلانہ حملوں میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی تاکہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔









