بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چیئرمین سینیٹ کا ظہرانہ، تارکین وطن کو مزید سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نیویارک چیمبر آف سمال بزنس کارپوریشن (امریکہ) کے اعلیٰ سطحی تجارتی وفد کے اعزاز میں سینیٹ آف پاکستان میں ظہرانے کا اہتمام کیا، جس میں امریکہ، متحدہ عرب امارات، قطر اور پاکستان سے تعلق رکھنے والی ممتاز کاروباری، سماجی اور اوورسیز شخصیات نے شرکت کی۔

وفد کی قیادت نیویارک چیمبر آف سمال بزنس کارپوریشن کے بانی صدر سید علمدار حسین شاہ(alamdar shah) نے کی، جبکہ چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا، برطانیہ میں چیمبر آف کامرس کی سفیر اور معروف کاروباری و سماجی رہنما نینا خان مشرقی، میجر جنرل (ر) فدا حسین ملک، حمزہ جنجوعہ، عبدالرشید چغتائی، مرک الٰہی، عبدالرحیم، شیخ شکیل، نثار احمد چوہدری، ڈاکٹر سید رافع گیلانی، شیخ طارق سجاد، شیخ فیصل اکرام، بشپ ابراہام عظیم ڈینیل اور دیگر نمایاں شخصیات بھی وفد کا حصہ تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نہ صرف وطن کے حقیقی سفیر ہیں بلکہ عالمی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، جدت اور بین الاقوامی کاروباری مواقع کو پاکستان سے جوڑنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری اور اقتصادی سفارت کاری ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے نہایت اہم ہے۔

انہوں نے وفد کے دورۂ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے روابط سے پاکستان اور بیرونِ ملک پاکستانی کاروباری برادری کے درمیان اقتصادی تعاون مزید مضبوط ہوگا، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گا۔

اس موقع پر معروف کاروباری و سماجی شخصیت **نینا خان مشرقی** نے کہا کہ نیویارک چیمبر آف سمال بزنس کارپوریشن کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو وسعت دینے اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بانی صدر سید علمدار حسین شاہ کی قیادت میں ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم سرمایہ کاری کے فروغ اور بین الاقوامی کاروباری تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں:فیفا کا ورلڈکپ فاتحین کو ٹرافی، گولڈ میڈلز کیساتھ پہلی بار قیمتی انگوٹھی بھی دینے کا اعلان

نینا خان مشرقی نے چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی نوجوان آبادی، تیزی سے فروغ پاتی ڈیجیٹل معیشت، اہم جغرافیائی محلِ وقوع اور قدرتی وسائل کی بدولت عالمی سرمایہ کاروں کے لیے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے۔