سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن ریاض ائیر(Riyadh Air) نے پاکستان کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایئرلائن اگست سے اسلام آباد اور لاہور کے لیے فضائی آپریشن کا آغاز کرے گی، جس سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطوں میں مزید اضافہ ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان سفر، تجارت اور سیاحت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
ریاض ائیر کے مطابق ریاض سے اسلام آباد کے لیے روزانہ براہِ راست پروازیں 14 اگست سے شروع کی جائیں گی، جبکہ ریاض اور لاہور کے درمیان ہفتے میں تین پروازیں 18 اگست سے چلائی جائیں گی۔ دونوں روٹس کے لیے ٹکٹوں کی بکنگ بھی شروع کر دی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں:چین نے امریکی اے آئی سے مدد لے کر اپنا دفاعی نظام تیار کر لیا
رپورٹس کے مطابق اسلام آباد اور لاہور دونوں روٹس پر ایئرلائن کے جدید بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے استعمال کیے جائیں گے، جو جدید سفری سہولتوں سے آراستہ ہیں۔
ریاض ائیر کی پاکستان آمد سے سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو سفری سہولتوں کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔ اس کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، تجارت اور سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔









