بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی احتجاج، ن لیگ یوتھ ونگ رہنما سمیت متعدد گرفتار، رہائی کا مطالبہ

فیصل آباد: فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے 5 اگست کے ممکنہ احتجاج سے قبل مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی گرفتاری کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب مختلف مقامات پر چھاپے مار کر متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ فیکٹری ایریا کے صدرچوہدری شاہ زیب گجر کو بھی اپنے دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے پولیس کو اپنی جماعتی ذمہ داری سے آگاہ کیا، تاہم انہیں دیگر زیر حراست افراد کے ساتھ حوالات میں منتقل کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دعویٰ کیا کہ گرفتار افراد کی فہرست اعلیٰ حکام کو ارسال کی جا چکی ہے اور ان کی رہائی سے متعلق فیصلہ اعلیٰ سطح پر کیا جائے گا۔ انہی ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے دیگر علاقوں سے بھی متعدد مسلم لیگ (ن) کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کے اہل خانہ نے رات گئے رہنماؤں سے ملاقات کرکے اپنے عزیزوں کی رہائی کے لیے مداخلت کی درخواست کی، تاہم خبر لکھے جانے تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ سابق چیئرمین یونین کونسل فیکٹری ایریا **شرافت خٹک** بھی تھانہ فیکٹری ایریا پہنچے، تاہم ان کے مطابق پولیس نے رہائی سے متعلق کوئی یقین دہانی نہیں کرائی۔

مزید پڑھیں:آبنائے ہرمز، ایران عمان مذاکرات میں اہم پیشرفت، محفوظ بحری راستے پر اتفاق

نوٹ:۔ اس خبر میں شامل گرفتاریوں اور دیگر دعوؤں کی آزاد ذرائع یا پولیس کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔